پی سی بی کاPSL میں غیر ذمہ دار رویہ، ٹیم مالکان اجلاس میں ناراض

Mar 05, 2021 | 12:47:PM

(24 نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ  کے غیرذمہ دارانہ رویہ  کے باعث پاکستان سپر لیگ 6 کو ملتوی کرنا پڑا جبکہ فیصلے سے قبل بلائے گئے ہنگامی اجلاس میں ٹیم مالکان پی سی بی پر چڑھ دوڑے اور خوب گرما گرمی دیکھنے میں آئی۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 6کے دوران کھلاڑیو ں میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کی وجہ سےپاکستان کرکٹ بورڈ نے گذشتہ روز اس بڑے ایونٹ   کو ملتوی کر دیا، اس فیصلے سے قبل فرنچائز اونرز و نمائندوں کا ورچوئل اجلاس بلایا گیا۔بتایاگیا ہے کہ اس اجلاس کے دوران خاصی گرما گرمی دیکھنے میں آئی ، اربوں روپے کی سرمایہ کاری کرنے والے ٹیم مالکان صورتحال سے خاصے ناراض دکھائی دیئے، انھوں نے حکام کی جانب سے بائیو ببل میں نامناسب انتظامات کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ایک ٹیم کے اونر نے کہا کہ گانے کی تیاری اور ہمیں بتائے بغیر ترکی میں ویڈیو شوٹ پر خوب پیسہ خرچ کر دیا گیا مگر اہم معاملات پر توجہ نہ دی،  جس ہوٹل میں شادی کی تقریبات ہوتی رہیں وہاں ٹیم کو ٹھہرایا گیا۔ مگر حکام نے کوئی نوٹس نہ لیا، پورا ہوٹل بک کرا لیتے تو یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔ایک ٹیم اونر نے کہا ہم نے نومبر میں ہی تجویز دی تھی کہ پاکستان میں بائیو ببل ٹھیک نہیں بنے گا ایونٹ دبئی میں کرا لیتے ہیں مگر کسی نے بات نہ مانی، ہمارے تحفظات پر سمجھا گیا کہ لڑائی کر رہے ہیں جبکہ قطعی طور پر ایسا نہ تھا۔

ورچوئل میٹنگ میں اس بات پر بھی حیرت کا اظہار کیا گیا کہ ایونٹ سے قبل کیسے اسلام آباد یونائٹیڈ اورملتان سلطانز کو ٹیم ہوٹل میں جگہ نہ ہونے کا جواز دے کر دوسرے ہوٹل میں ٹھہرایا گیا، ہوٹل میں لفٹ کے بارے میں کہا گیا کہ یہ ٹیموں کیلیے مختص ہیں مگر انھیں دیگر افراد بھی استعمال کرتے رہے، کچن کے بارے میں بھی نہیں پتا تھا کہ شیف و دیگر اسٹاف حفاظتی اقدامات اپنا رہے ہیں یا نہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ایک اونر تو خاصے برہم تھے اور انکی باتیں پاکستان کرکٹ بور ڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان اور دیگر آفیشل خاموشی سے سنتے رہے، انھوں نے بورڈکی غلطیوں کا اعتراف کیا مگر حیران کن طور پر بعد میں میڈیا کے سامنے فرنچائزز پر بھی کوتاہی برتنے کاالزام لگایا۔اس حوالے سےمزید بتایاگیا ہے کہ فرنچائزز اور بورڈ کے درمیان اب دوبارہ بڑا تنازع ہو سکتا ہے، مالکان کو لگتا ہے کہ ان سے فیس لینے کیلئے عجلت میں ٹورنامنٹ شیڈول کیا گیا اب انکے پیسے پھنس گئے ہیں، ایونٹ کیلیے اگلی ونڈو ملنا آسان نظر نہیں آتا لہذا فیس کی واپسی ہونی چاہیے، اسی کے ساتھ نئے فنانشل ماڈل کو بھی اب حتمی شکل دینے کا وقت آ گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ فوری طور پر بورڈ فیس واپس کرنے کو تیار نہ ہوگا اور اگلے چند ماہ نئی تاریخوں کی تلاش کا جواز دے کر معاملے کوٹالا جائے گا۔

 

مزیدخبریں