(24نیوز)امریکا کے صدر جوبائیڈن نے پاکستانی نژاد بزنس مین دلاور سید کو ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر اسمال بزنس ایڈمنسٹریشن نامزد کر دیا۔
تفصیلات کےمطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دلاور سید امریکا میں اسمال، میڈیم کاروباری اداروں کے صدر اور سی ای او رہے ہیں، ان کی وفاقی، ریاستی اور مقامی سطح پر معاشی نمو، کاروباری نظم کے لیے خدمات ہیں۔ وائٹ ہاؤس بیان کے مطابق دلاور سید ایشین امریکن اینڈ پیسیفک آئی لینڈر کے وائٹ ہاؤس کمیشن کے صدر رہے ہیں، دلاور سید نے اسمال بزنس ایڈمنسٹریشن اور محکمہ تجارت کے ساتھ بھی کام کیا۔
دلاور سید کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر اس عہدے پر تعیناتی کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ اس چیلنجنگ دور میں چھوٹے بزنس کو جہاں بھی ضرورت ہو گی میں دل و جان سے ان کی مدد کروں گا۔دلاور سید کا تعلق پاکستان کے شہر سیالکوٹ سے ہے اور ان کے والدین کا اسپورٹس سیکٹر میں کاروبار تھا۔دلاور سید ایچی سن کالج سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد مزید تعلیم کے لیے امریکا گئے۔