الیکشن کمیشن پر الزامات : وزیر اعظم کے بیانات قابل تشویش ہیں:شیری رحمن
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) پیپلز پارٹی کی نو منتخب سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے الیکشن کمیشن ایکٹ کی خلاف ورزی کی ہے، الیکشن کمیشن پر ’مجرموں کو بچانے‘ اور جمہوریت کو نقصان پہنچانے کے الزام لگائے ہیں، وزیراعظم کی طرف سے اس طرح کے بیانات قابل تشویش ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شیری رحمٰن نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم اپنے ارکان کو قابو کریں، اداروں کو متنازع نہ بنائیں،ڈسکہ الیکشن کے بعد حکومت کے پاس الیکشن کمیشن پر انگلی اٹھانے کا اخلاقی جواز نہیں بچا۔اُنہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو الیکشن کمیشن کے آئینی ادارے کی توہین زیب نہیں دیتی، حکومت کے سربراہ کی طرف سے توہین آمیز بیانات نہیں آنے چاہئیں۔
واضح رہے کہ شیری رحمٰن نے یہ بھی کہا ہے صدر اعتماد کے ووٹ کے لیے اجلاس تب بلاتا ہے جب ایسا لگے کہ وزیراعظم اعتماد کھوچکے ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم، صدر پاکستان کا اختیار استعمال نہ کریں، حکومت ملک اور پارلیمان کو آئین کے مطابق چلائے اپنی مرضی کے مطابق نہیں۔