(24 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی ، بیروزگاری اور افراط زر سمیت تمام مسائل کی وجہ سابقہ حکومتوں کی جانب سے کی گئی لوٹ مار اور کرپشن ہے، میرا مشن ہر طرح کی کرپشن کا خاتمہ ہے اور اس کیلئے کسی قسم کی نرمی اور سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے سیاسی رہنما منیر احمد خان نے ملاقات کرکے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا، اس موقع پر وفاقی وزیر خسرو بختیار اور فواد چوہدری بھی موجود تھے۔وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ منیر احمد خان نے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تقدیر اور مستقبل وزیر اعظم عمران خان کی ویژنری قیادت کے ہاتھ میں ہونے سے محفوظ اور روشن ہے، ہر پاکستانی اور خصوصاً نوجوان نسل اس بات پر فخر محسوس کرتی ہے کہ ملک کی باگ ڈور اس لیڈر نے سنبھالی ہوئی ہے جسکا دامن صاف اور کرپشن سے پاک ہے، انکی بے لوث جدوجہد سے متاثر ہو کر تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔