(24نیوز)وزیر اعظم کی زیر صدارت ہونیوالے پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مشیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ ہماری کوشش رہی ہے کہ انتخابات صاف و شفاف ہوں۔ہمیں ق لیگ اور ایم کیوایم سمیت کسی سے کوئی پریشانی نہیں ہے ، ان سب کے تحفظات ہم دور کریں گے ، اتحادیوںنے ہر جگہ پر ہمیں سپورٹ کیا ہے اور آئندہ بھی کریںگے ۔ایک اورسوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ 175سے زائد ممبران اجلاس میں موجود تھے اور کل آپ نتائج دیکھ لیں گے ۔
انہوں نے کہااس وقت جس حالت میں ملک کھڑا ہے جہاں اخلاقی اقدار کو پامال کیا جارہا ہے اور سینیٹ میں جو بھی آتا ہے وہ پیسے کے زور پر آتا ہے ہم نے اس کلچر کو ختم کرنے کے لئے جو بھی عملی اقدامات لئے وہ سب کے سامنے ہیں ، اگر ہمارا موقف مان لیا جاتا تو سینٹ الیکشن کے بعد آج جو باتیں ہورہی ہیں وہ نہ ہوتیں ،اگر اپوزیشن منافقت نہ دکھاتی تو الیکشن شفاف ہوتے ۔
شبلی فراز نے کہا کہ جو پیسے کے ذریعے ایوان میں آتے ہیں وہ اپنے ذاتی مفادات کا خیال رکھتے ہیں ان کو عوام کی فکر نہیں ہوتی ، وہ لوگ جو پیسہ لگاتے ہیں اسے سود سمیت وصول کرتے ہیں اور یہ پیسہ عوام کی جیبوں سے نکلتا ہے ۔اگر اس ملک میں صحیح معنوں میں جمہوریت نے جڑیں پکڑنی ہیں تو ہمیں ایسا طریقہ کار اختیارکرنا ہوگا اور ایسی اصلاحات کرنی ہوں گے تاکہ الیکشن پر کوئی سوالات نہ اٹھیں ۔
انہوںنے کہاکہ یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ عمران خان نے صاف و شفاف الیکشن کیلئے جو جدوجہد شروع کی تھی اس کی مخالف وہ لوگ مخالفت کررہے ہیں جنہوں نے چھانگا مانگا کی سیاست کی اور چھانگا مانگا کی سیاست میں لوگوں کو خریدا اور بیچا اور پھر 1985 کی سیاسی پیداوار جس میں نوازشریف سرفہرست ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اگر کسی پارٹی کا نشان شیر ہو اور اس کے عمل گیڈروں والے ہوں تو ان جیسے لوگ اخلاقی طورپر اعتماد کا ووٹ لینے کی جرات نہیں ہوتی بلکہ لندن اور سعودی عرب بھاگ جاتے ہیں ، ہمارا لیڈر اپنی جگہ پر غیرمتزلزل ایمان کے ساتھ کھڑے ہیں اور وہ اصولوں پرکھڑے ہیں اور اگر عمران خان اپوزیشن میں بیٹھے ہوں یا حکومت میں ہوں ان لوگوں کو نہیں چھوڑیں گے جنہوںنے ملک کو لوٹا اور نقصان پہنچایا ۔انہوںنے کہاکہ اجلاس میں نے اراکین میں بہت ایک نیا جذبہ دیکھا اور اراکین نے وزیراعظم کے نعرے بھی لگائے اور اراکین بڑے پرجوش تھے اور وہ اپنی ذمہ داری پوری طرح سے نبھائیں گے ۔
ہمیں ق لیگ اور ایم کیوایم سمیت کسی سے کوئی پریشانی نہیں،شبلی فراز
Mar 05, 2021 | 19:17:PM