پاکستان آسیان رکن ممالک سے معاشی روابط کو گہرا کرنے کیلئے پرعزم ہے، سیکرٹری خارجہ

Mar 05, 2021 | 22:31:PM
پاکستان آسیان رکن ممالک سے معاشی روابط کو گہرا کرنے کیلئے پرعزم ہے، سیکرٹری خارجہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)سیکرٹری خارجہ سہیل محمود کاکہناہے کہ پاکستان جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ ترجیح دیتا ہے، پاکستان آسیان رکن ممالک سے تجارت اور معاشی روابط کو گہرا کرنے کےلئے پرعزم ہے، یہ اقدامات پاکستان کے معاشی سفارت کاری کے اقدام کے تناظر میں اٹھائے جارہے ہیں۔
 سیکرٹری خارجہ سہیل محمود کی آسیان ہیڈز آف مشنز کے ساتھ گول میز ملاقات ہوئی،سیکرٹری خارجہ نے پاکستان آسیان شراکت داری کو مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، ملاقات میں تجارت، باہمی سرمایہ کاری، سکیورٹی، دفاعی تعاون، سیاحت، تعلیم اور ثقافت کے فروغ پر بات چیت ہوئی ۔
گول میز ملاقات میں آسیان کے ادارہ جاتی وسیع طریقہ کار کو بھرپور طور پر بروئے کار لانے پر اتفاق کیاگیااس کے علاوہ علاقائی معاشی جامع شراکت داری اور سی پیک جیسے دورس اثرات رکھنے والے اقدامات کرنے کے امکانات تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیاگیا،ملاقات میں ملائیشیا، فلپائن، انڈونیشیا، برونائی دارالسلام، میانمار، تھائی لینڈ اور ویتنام کے ہیڈز آف مشنز نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ پاکستان 1993 سے آسیان کا سیکٹورل ڈائیلاگ پارٹنر اور آسیان علاقائی فورم کا رکن ہے۔