(24 نیوز)مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران احمد نیازی نے حواس باختہ اور شکست خورہ ڈپریشن میں مبتلا کیفیت پر قوم سے خطاب کیا، عمران خان میں اخلاقیات ہیں تو استعفیٰ دیکر نیا اعتماد کا ووٹ لیں۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے وزیراعظم کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ وزارت اعظمی کے عہدے پر چمٹے ہوئے ہیں،آپ سرکاری وریاستی وسائل کو اداروں کیلئے استعمال کررہے ہیں تاکہ اپنے ممبران پر دباﺅ ڈالیں اور ان کو ووٹ دینے پر مجبور کیاجا سکے۔ یہ بدترین دھاندلی ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آج تین سال بعد بھی عمران نیازی کا ویژن یہی ہے میں نہیں چھوڑوں گا،میں این آراو نہیں دوں گا۔عمران نیازی کی شکست نے ثابت کردیا ہے کہ وہ اپنی جماعت کے اندر اپنی اکثریت کھو بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت کو یقین ہے کہ وزیراعظم اعتماد کا ووٹ کھو چکے ہیں،اپنے ممبران کی اکثریت کا اعتماد کھو چکے ہیں۔وہ نئے اعتمادکے ووٹ کیلئے کہتے ہیں،اگر رتی برابر اخلاقیات ہوتی عمران احمد نیازی صاحب آپ استعفیٰ دیکر نیا اعتماد کا ووٹ لیتے۔