(ویب ڈیسک)پشاور میں جامع مسجد میں خود کش دھماکے میں شہید ہونیوالے افراد کی نماز جنازہ اداکردی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق سانحہ کوچہ رسالدار کے شہداءکی نماز جنازہ ادا کردی گئی ، 14 شہدا کی اجتماعی نماز جنازہ کوہاٹی چوک میں ادا کی گئی اور اجتماعی نماز جنازہ علامہ محسن ہمدانی نے پڑھائی۔ 5 افراد کی نماز جنازہ بیرون کوہاٹی گیٹ میں ادا کی گئی، جب کہ کینٹ کے رہائشی دو جان بحق افراد کی نماز جنازہ حسینیہ ہال پشاور میں ادا کی گئی۔
نماز جنازہ میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی،اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی تھی۔
دوسری جانب خود کش حملے کی تحقیقات جاری ہیں پولیس اورسی ٹی ڈی انویسٹی گیشن ٹیم نے زخمیوں کے بیانات قلم بند کر لئے جبکہ2 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیاگیا جبکہ واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفتیشی ٹیم کا کہنا ہے حملہ آور نے پہلے پولیس اہلکارپر گولی چلائی،دہشتگردنے9 ایم ایم پستول استعمال کیاجبکہ جائے وقوعہ سے 7 خول بھی ملے ہیں،خودکش جیکٹ میں بال بیرنگ زیادہ استعمال کیے گئے، ملنے والے اعضاءکا بلڈ ٹیسٹ کیا جائے گا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مختلف علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کو چیک کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:حملہ آور کیسے پہنچا؟پشاور دھماکے کی نئی ویڈیو سامنے آگئی