(مانیٹرنگ ڈیسسک)پاکستانی نژاد جرمن ماڈل صوفیا خان اور المعروف فیا خان نے روایتی انداز میں شادی کرنے کے تین سال بعد ترک نژاد شوہر کے ساتھ کورٹ میرج کرلی۔
ترکی اردو کی ویب رپورٹ کے مطابق ماڈل فیا خان نے ابتدائی طور پر جنوری 2019 میں ترکش نژاد کاروباری شخص تولگا ریکن سے شادی کی تھی، جس کے تین سال بعد اب انہوں نے شوہر سے کورٹ میرج کرلی۔دونوں کا تعلق مختلف ممالک سے ہونے اور کسی تیسرے ملک میں رہنے کی وجہ سے شادی کو قانونی بنانے کے لئے دونوں نے کورٹ میرج کی ہے۔فیا خان اور ان کے شوہر تولگا ریکن نے انسٹاگرام پر کورٹ میں شادی کی رجسٹریشن کے بعد عدالت کے باہر بنائی گئی ڈانس کی ویڈیو اور تصویر شیئر کرتے ہوئے شادی کی تصدیق کی۔دونوں کی شادی کی ویڈیو اور تصاویر پر پاکستانی شوبز شخصیات نے کمنٹس کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی۔فیا خان کی ویڈیو پر اداکارہ مہوش حیات، ماڈل صدف کنول، اریبا حبیب، سنیتا مارشل، مہرین سید اور ژالے سرحدی سمیت دیگر شخصیات نے مبارک باد کے کمنٹس کئے۔
رپورٹ کے مطابق کورٹ میرج سے قبل گزشتہ ماہ فروری کے وسط میں فیا خان نے اپنے ہاں بچے کی متوقع پیدائش کی تصدیق کی تھی ۔ابتدائی طور پر فیا خان نے 11 فروری کو شوہر کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کے ہاں رواں برس اگست میں بچے کی پیدائش متوقع ہے۔فیا خان نے جنوری 2019 میں تولگا ریکن کے ساتھ جرمنی میں اسلامی روایات کے مطابق شادی کی تھی اور ان کے درمیان تعلقات2017 سے قبل استوار ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ فیا خان نے پہلی شادی 2009 میں پاکستانی فلم ساز اور ڈرامہ ہدایت کار قاسم علی مرید کے ساتھ کی تھی۔فیا خان اور قاسم علی مرید نے 2015 میں ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ دونوں کے درمیان مئی 2009 میں پہلی ملاقات ہوئی تھی اور دونوں نے محض 20 دن میں شادی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔فیا خان نے شادی سے قبل عالیا خان نامی بچی کو گود لے رکھا تھا جو اس وقت 18 سال کی ہونے والی ہیں اور اب وہ ان کے ساتھ جرمنی میں رہتی ہیں۔فیا خان اور قاسم علی مرید کی بھی ایک بیٹی امیلیا مرید خان ہیں جو اس وقت والدہ کے ہمراہ جرمنی میں ہی رہتی ہیں۔فیا خان کا شمار ماضی کی معروف ماڈلز میں ہوتا ہے، انہوں نے پاکستان کے تمام معروف برانڈز کے ساتھ کام کیا ہے جب کہ انہوں نے متعدد انٹرنیشنل برانڈز کی تشہیری مہمات میں بھی خود کو منوایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:نئی پاکستانی فلم ’ڈھائی چال‘کا ٹریلر، بھارتی غصے میں آگئے