(24 نیوز)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ ہم ملکی معیشت اور جمہوریت بچانے نکلے ہیں، عوام ہمارے ساتھ چلیں ۔
پتوکی میں عوامی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ وہ جو کہتاتھا دنیا کی مہنگائی کی وجہ سے پاکستان میں مہنگائی ہو گی،وہ جو ہر ہفتے پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرتا تھا، جیالوں کو دیکھ کر اس نے پٹرول 10 روپے اور بجلی 5 روپے سستی کردی،بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ وہ جو کہتا تھا پٹرول، گیس ، بجلی مہنگی ہے لیکن گھبرانانہیں، اب وہ شخص خود گھبرا رہا ہے، اس کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں، پسینہ نکل رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے قافلے میں ملک بھر کے عوام موجود ہیں، عوام شہیدوں کی جماعت کا ساتھ دیں ، ہم ایک بار پھر ملک کی قسمت بدل دیں گے، ملک کی زرعی معیشت تباہ ، کسانوں کا معاشی قتل ہو رہا ہے ،بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ عمران خان نے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو اربوں روپے کا پیکیج دے کر این آر او دیا،رئیل اسٹیٹ کے ارب پتیوں کیلئے اربوں کا پیکیج ہے تو غریبوں کیلئے کیوں نہیں ، کنسٹرکشن کیلئے ایمنٹسی ہے تو غریبوں کیلئے ایمنسٹی سکیم کیوں نہیں ،ان کا کہناتھا کہ یہ کٹھ پتلی غریبوں کو تکلیف پہنچاتا ہے ، یہ کٹھ پتلی ظالم ہے ، اس شخص سے حساب لینے نکلے ہیں جس نے سب کو ستایا۔
قبل ازیں رینالہ خورد میں عوامی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ شہید بے نظیر بھٹو کیخلاف سازشیں کی گئیں،سینیٹ الیکشن میں عمران خان کو شکست دی،عوام کا اعتماد سلیکٹڈ سے اٹھ گیا ہے،تعلیم، سڑک، پانی کا پیسہ اسلام آباد چھین لیتا تھا،وہ پیسے پنجاب کے عوام پر خرچ ہو سکتے ہیں ،چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت آئی تو دہشتگردی عروج پر تھی ، پیپلزپارٹی کی حکومت آئی تو جنگی ماحول تھا، صدر زرداری نے پاکستان کے کسان کو پیسہ دیا،ایک سال کے اندر کسانوں نے ملک کی معیشت کو کھڑا کردیا، پیپلزپارٹی دور میں کسانوں نے ملک کو بحرانوں سے نکالا،قائد عوام کا روٹی کپڑامکان کا نعرہ پورا کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ اس کٹھ پتلی کو جمہوری طریقے سے بھگائیں گے، کیا آپ سلیکٹڈ سے ٹکرانے کیلئے تیار ہو، آپ کا پیغام لاہور کے عوام کو سنانا ہے کل جیالوں اور عوامی مارچ کی انٹری لاہور میں ہو گی ۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ عمران خان کے پاس صرف3 دن ہیں ،عمران خان استعفیٰ دیں اور چلے جائیں خود چلے جاﺅ ورنہ ہم آ رہے ہیں ،کٹھ پتلی کو گھر بھیج کر شفاف الیکشن کرائیں گے ،اسلام آباد پہنچ کر جمہوری حملے کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ نااہل وزیراعظم ہر بات پر یوٹرن لیتا ہے، یوٹرن لے کر کہتا ہے یہ لیڈر ہونے کی نشانی ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور کی اہم شاہراہ پرکار سواروں نےنوٹوں کی بارش کر دی۔ ویڈیو سامنے آگئی