پنجاب سے آن لائن کپڑے کا کاروبار کرنیوالا نوجوان کراچی میں بے دردی سے قتل

Mar 05, 2023 | 11:13:AM

(ثمر عباس) کپڑے کے کاروبار کے سلسلے میں پنجاب سے کراچی آنے والا نوجوان بے دردی سے قتل کردیا گیا۔ نوجوان کی لاش گزشتہ روز شاہ لطیف کے علاقے سے ملی تھی جسے اغواء کے بعد تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا گیا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق  گزشتہ روز مرغی خانہ پل ملیر ندی کے قریب سے ملنے والی نوجوان کی لاش ورثاء کے سپرد کردی گئی ہے۔ مقتول نوجوان محمد عمر کے والد نے تھانہ شاہ لطیف ٹاؤن میں اکلوتے بیٹے کے قتل کا مقدمہ درج کرا دیا۔

یہ بھی پڑھیے: ڈکیتی کے دوران خواتین سے زیادتی کرنیوالے تینوں ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک

   مقتول کے والد کا کہنا ہے کہ  بیٹا اعلیٰ تعلیم یافتہ تھا اور کئی ماہ سے بیرون ملک جانے کی کوششوں میں لگا تھا، وہ آن لائن کپڑے کا کاروبار کرتا تھا، کپڑے کی خریداری کے سلسلے میں کراچی اور لاہور آتا جاتا رہتا تھا۔ بیٹے نے 2 مارچ کی شب حیدرآباد سے کراچی پہنچنےکی  فون کال پر اطلاع دی، جس کے بعد بیٹے کو کپڑے کی خریداری کیلئے 1لاکھ 10 ہزار روپے آن لائن بھجوائے۔

انہوں نے بتایا 3 مارچ کو پولیس کی جانب سے فون کال موصول ہوئی کہ بیٹے کی تشدد زدہ لاش ملی ہے۔ مقتول کے والد نے مزید کہا کہ بیٹے کو بھیجی گئی رقم بینک میں ہے یا لوٹ لی گئی اس بارے میں کچھ معلوم نہیں، میرےبیٹے کو چند روز بعد روزگار کے سلسلے میں برطانیہ جانا تھا نہیں معلوم قتل کیوں اور کس نے کیا۔

پولیس نے شبہ ظاہر کیا کہ ہے کہ عمر کو منصوبہ بندی کے تحت کراچی بلا کر قتل کیا گیا، موبائل کی ریکارڈنگ حاصل کرکے تفتیش جاری ہے۔

مزیدخبریں