(ویب ڈیسک) ڈچ گلوکارہ ایما ہیسٹرز نے بھی کیفی خلیل کا گانا ’کہانی سنو‘ اپنی آواز میں سنا دیا۔
شہرۂ آفاق پاکستانی کوک اسٹوڈیو کے سیزن 14 سے شہرت حاصل کرنے والے لیاری کے بلوچ گلوکار کیفی خلیل کے گانے ’کہانی سنو‘ کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
اس گانے کو مختلف گلوکار اپنی آواز میں سنا چکے ہیں اور اب تو دوسرے ممالک کے گلوکار بھی اس دوڑ میں شامل ہو گئے ہیں۔
نیدر لینڈز کی معروف گلوکارہ ایما ہیسٹرز نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر اپنی ایک نئی ویڈیو شیئر کی ہے۔
وہ اس ویڈیو میں کیفی خلیل کا گانا ’کہانی سنو‘ گاتے ہوئے نظر آ رہی ہیں۔
اُنہوں نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مجھے اپنی ریلز پر اب تک 250 ملین سے زائد ویوز مل چکے ہیں، اس لیے میں نے سوچا کہ اب ایک اور خوبصورت زبان میں دوبارہ گانے کا وقت آگیا ہے۔
ایما ہیسٹرز اکثر مشہور گانوں کو اپنی آواز میں گنگنا کر داد وصول کرتی نظر آتی ہیں، گلوکارہ کے یوٹیوب پر 5.8 ملین سے زائد سبسکرائبرز اور انسٹا گرام پر 1.7 ملین فالوورز ہیں۔
مزید پڑھیں: بھارتی گلوکار ڈرون کیمرا ٹکرانے سے زخمی
سوشل میڈیا صارفین ڈچ گلوکارہ کی آواز میں کیفی خلیل کی ’کہانی‘ سننے کے بعد ملے جلے ردِ عمل کا اظہار کر رہے ہیں، کچھ صارفین نے گلوکارہ کی اس گانے کو خوبصورت انداز میں گانے پر تعریف کی جبکہ کچھ کا کہنا ہے کہ انہیں یہ سن کر وہ احساس نہیں ملا جو اصل گانے کو سن کر ملا۔
واضح رہے کہ کچھ عرصے پہلے ریلیز ہونے والے کیفی خلیل کے گانے’کہانی سنو‘ نے گلوبل میوزک ویڈیو چارٹس پر آٹھویں پوزیشن حاصل کی ہے، اس گانے کو اب تک ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر 12 کروڑ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔