(24 نیوز)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ جب حکومت فیصلہ کرے گی تو عمران خان کی گرفتاری کوئی مشکل کام نہیں۔
فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان پرکوئی قاتلانہ حملے کا معاملہ نہیں ہے وہ قاتلانہ حملے کی جھوٹی کہانی سنا رہے ہیں۔ عمران خان بزدل انسان ہے، گرفتاری سے بچنے کے لئے بہانے کررہا ہے۔
’یہ فساد کروا کے انتخابات ملتوی کرانا چاہتے ہیں‘
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ عمران خان کی گرفتاری کی کوئی بھی کوشش حالات کو شدید خراب کردےگی۔ایک بیان میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ میں اس نااہل اور پاکستان دشمن حکومت کو خبردار کرنا چاہ رہا ہوں۔پاکستان کو مزید بحران میں نہ دھکیلیں اور ہوش سےکام لیں۔یہ فساد کروا کے انتخابات ملتوی کرانا چاہتے ہیں،عدالتیں لندن بھاگے بھگوڑے کو کیوں نہیں بلاتیں ۔وفاقی اور پنجاب حکومت ایک سکے کے دورخ ہیں ۔
یہ چاہتے ہیں عمران خان عدالت جائے اور ان پر قاتلانہ حملہ ہوجائے،عمران خان کو گرفتار کرکے امن او امان کا مسئلہ کھڑا کرنا چاہتے ہیں ۔وکلا کے مشورے سے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔توشہ خانہ کیس میں وارنٹ جاری ہوا تھا،پولیس اس وارنٹ پر عمل کرنے آئی تھی،وارنٹ گرفتاری کی تعمیل قانون کے مطابق دیکھیں گے۔
پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی سینئر لیڈر شپ زمان پارک پہنچ چکی ہے،ہم نے نوٹس دیکھ لیا ،اس میں گرفتاری کا حکم نہیں ہے،عمران خان سے مشاورت کےبعد ردعمل دیں گے،آج وکلاء کی ٹیم سے مشاورت کریں گے۔