’اپنی چھت ،اپنا گھر‘وزیراعلیٰ پنجاب کا کم آمدن والے افراد کیلئے ماڈل گھر بنانے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(راؤدلشاد) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کم آمدن والے 3 ہزار سے زائد افراد کیلئے ماڈل گھر بنانے کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت پنجاب میں ”اپنی چھت، اپنا گھر“ پراجیکٹ کے سلسلے میں ایک خصوصی اجلاس ہوا۔ مریم نواز نے ایک لاکھ گھروں کی تعمیر کے اعلان کو عملی جامہ پہنانے کے لیے جامع پلان طلب کرلیا اور 6 ہفتے میں ماڈل گھر تیار کرنے کی ہدایت کردی۔
اس منصوبے کے تحت پنجاب کے ہر ضلع میں کم آمدن لوگوں کے لیے 3 ہزار سے زائد گھر بنائے جائیں گے۔ مریم نواز نے ڈاؤن پے منٹ اور ماہانہ قسط کم سے کم رکھنے کی بھی ہدایت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کم آمدن والے بے گھر افراد کو بنے بنائے گھر دیے جائیں گے، غریب کے لیے چھت مہیا کرنا ہمار امنشور ہے، وعدہ ضرور پورا کریں گے۔
مزید پڑھیں: بیرون ممالک نوکری کیلئے جانے والوں کی تعداد میں بڑی کمی
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ بنے بنائے گھروں کی تعمیر میں تعمیراتی معیار اور پائیداری کو ملحوظ خاطر رکھا جائے، کم آمدنی والے لوگوں کیلئے گھر شہروں کے قریب ہوں تاکہ آمدورفت میں آسانی ہوگی۔
اس موقعہ پر سابق سینیٹر پرویز رشید، ارکان اسمبلی عظمیٰ بخاری، چیف سیکریٹری، ایس ایم بی آر، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکریٹری ہاؤسنگ، سیکریٹری فنانس، کمشنر لاہوراوردیگر حکام اجلاس میں شریک تھے۔