(24نیوز)وزیراعظم شہباز شریف سے آصف زرداری کی سربراہی میں پی پی وفد نے ملاقات کی۔
وزیراعظم شہباز شریف اور سابق صدر آصف زرداری کے درمیان ملاقات گزشتہ شب وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی جس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی شریک تھے۔
اس کے علاوہ ملاقات میں سینیٹراسحاق ڈار، سینیٹراعظم نذیر تارڑ اورسابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی بھی موجود تھے۔
پیپلز پارٹی کے وفد نے شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہارکیا۔اس موقع پر آصف زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی و خوشحالی کیلئے حکومت کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
پی پی وفد سے گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ اورعوام کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے اپنے ملک پاکستان کی خدمت کیلئے ایک مرتبہ پھرموقع دیا، خادم پاکستان منتخب کرنے کیلئے ایوان میں اپنی اتحادی جماعتوں کے اعتماد پرشکریہ ادا کرتا ہوں، اللہ کے کرم اوراپنی محنت سے پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے دن رات کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔