پی ایس ایل 9: افتخار احمد کی کوششیں ناکام، پشاور زلمی کے ہاتھوں ملتان سلطانز کو شکست

Mar 05, 2024 | 18:45:PM

(افضل بلال) پی ایس ایل 9 کے 21ویں میچ میں پشاور زلمی کے 205 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افتخار کی دھواں دار بلے بازی بھی رنگ نہ لا سکی، ملتان سلطانز کو 4 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے 21ویں میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں زلمی نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز سکور کئے، ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز ہی بنا سکی، ملتان سلطانز کی جانب سے افتخار احمد نے 27 گیندوں پر 5 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 60 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، ان کا ساتھ دیتے ہوئے کرس جورڈن نے بھی 12 گیندوں پر 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 30 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ کپتان محمد رضوان 32 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔

یہ بھی پڑھیں: شاداب خان کا اہم اعزاز, بڑے بڑوں کو پیچھے چھوڑ دیا

پشاور زلمی کی جانب سے عامر جمال 4 اوورز میں 36 رنز کے عوض 2 وکٹوں کے ساتھ نمایاں گیند باز رہے جبکہ مہران ممتاز اور نوین الحق نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی، سلمان ارشاد 3 اووز میں 46 رنز دے کر سب سے مہنگے گیند باز ثابت ہوئے۔

پشاور کی جانب سے اوپنر صائم ایوب نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 22 گیندوں پر 5 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنائے جبکہ کپتان بابراعظم 40 گیندوں پر 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 64 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، ان کے علاوہ حسیب اللہ خان نے 31، آصف علی نے 11، ٹام کوہلر کیڈمور نے 5، رومان پاول نے ناقبلِ شکست 23 اور عامر جمال نے بھی ناقابلِ شکست 12 رنز سکور کئے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے سپنر اسامہ میر 4 اوورز میں 32 رنز کے عوض 3 وکٹوں کے ساتھ نمایاں گیند باز رہے جبکہ کرس جورڈن 4 اوورز میں 33 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، ان کے علاوہ کوئی بھی گیند باز وکٹ حاصل نہ کر سکا، ان فارم گیند باز محمد علی 3 اوورز میں 46 دے کر سب سے مہنگے گیند باز ثابت ہوئے۔

مزیدخبریں