خوشاب ضمنی الیکشن میں بھی شیرنے میدان مار لیا، پی ٹی آئی کو شکست

May 05, 2021 | 18:27:PM
خوشاب ضمنی الیکشن میں بھی شیرنے میدان مار لیا، پی ٹی آئی کو شکست
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)خوشاب میں پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 84 کے ضمنی الیکشن میں ن لیگ نے کامیابی حاصل کرکے اپنی نشست دوبارہ حاصل کرلی ہے۔ضمنی الیکشن میں کامیابی پر لیگی قائدین میاں شہبازشریف، مریم نواز، حمزہ  شہباز اور دیگر کی جانب سے معظم کلو کو کامیابی پر مبارکباد کے پیغامات دے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی پی 84 خوشاب میں پی ٹی آئی کے علی حسین خان اور ن لیگ کے ملک معظم کلو کے درمیان اصل مقابلہ تھا تاہم پیپلز پارٹی کے غلام حبیب احمد، امجد رضا، اورنگزیب، عمران حیدر خان، الیاس خان آزاد اور کالعدم جماعت کے اصغر علی بھی میدان میں تھے۔
پی پی 84 خوشاب ضمنی الیکشن کے 229 میں سے تمام 229 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتیجے کے مطابق ن لیگ کے امیدوار محمد معظم شیر کلو 74165 ووٹ لےکر کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے علی حسین خان بلوچ 63569  ووٹ لےکر دوسرے نمبرپر ہیں۔ضمنی الیکشن میں کامیابی پر متوالوں کی جانب سے جشن جاری ہے اور حکومت کیخلاف نعرے بازی کی گئی۔
ضمنی الیکشن کے دوران سیکیورٹی کی صورتحال سنبھالنے کیلئے 2 ہزار 880 پولیس اہلکار اور رینجرز کے 600 جوان سیکیورٹی پر مامور کئے گئے تھے۔
حلقے میں 229 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے جن میں سے 14 کو حساس قرار دیا گیا تھا۔ حلقے میں ووٹرز کی کل تعداد 2 لاکھ 92 ہزار 687 ہے۔ یاد رہے یہ سیٹ ن لیگ کے وارث کلو کی وفات کے باعث خالی ہوئی تھی۔
ادھر جمالی بلوچاں کے پولنگ سٹیشن میں غلط ووٹ کا الزام لگا کر مسلم لیگ (ن) کے کارکن کو پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ووٹ کاسٹ کرنے سے روکا، جس پر دونوں سیاسی جماعتوں کے درمیان جھگڑا ہو گیا، بات ہاتھا پائی تک پہنچی تو پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔
ڈی ایس پی انویسٹی گیشن نے صورتحال پر قابو پا کر پولنگ کا عمل 15 منٹ بعد دوبارہ شروع کروایا۔ اسی طرح روڈہ پولنگ سٹیشن پر بھی پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے مابین تلخ کلامی ہوئی تاہم پولنگ کا عمل جاری رہا۔

یہ بھی پڑھیں: سرکاری ملازمین کی موجیں۔۔ عیدالفطر پر11 چھٹیوں کا اعلان