چینی وزیر خارجہ آج 2 روزہ دورہ پر پاکستان پہنچیں گے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز ) پاکستان کے دیرینہ دوست اور اہم سٹریٹجک پارٹنر چین کے وزیر خارجہ پاکستان کے اہم دورہ پر آج پاکستان پہنچیں گے ۔
تفصیلات کےمطابق چین کے وزیرخارجہ چن گانگ عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار پاکستان پہنچ رہے ہیں، وہ پاکستان میں 2روزہ قیام کریں گے ، وزیرخارجہ بلاول بھٹو کی دعوت پر چینی وزیرخارجہ 5 اور6 مئی کو پاکستان میں قیام کریں گے، پاک چین وزرائےخارجہ کی مشترکہ سربراہی میں چوتھےدوطرفہ تزویراتی مذاکرات کا انعقاد ہوگا، سٹریٹجک ڈائیلاگ ایک منظم طریقہ کار ہے جو اہم شعبوں میں دو طرفہ تعاون کا جائزہ لیتا ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور چینی ہم منصب مذاکرات کی مشترکہ صدارت کریں گے، جس میں تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی، عالمی امور پر تبادلہ خیال ہو گا، دونوں فریق ہمہ موسمی سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کی مستقل زندگی کی توثیق کریں گے جبکہ پاکستان اور چین کے درمیان کثیر جہتی تعاون کے لیے روڈ میپ تیار کرنے سمیت ابھرتے ہوئے علاقائی اور عالمی منظر نامے پر تبادلہ خیال بھی ہوگا۔
خیال رہے گزشتہ ماہ کے آخر میں وزیراعظم شہباز شریف اور چینی وزیراعظم لی کیانگ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا، جس میں شہباز شریف نے چینی وزیراعظم کو اعلیٰ عہدے کے انتخاب پر مبارک باد پیش کی تھی، دونوں وزرائے اعظم کے درمیان گفتگو روایتی گرمجوشی اورہم آہنگی پر مبنی تھی اور اس میں پاک چین ہمہ موسمی سٹریٹجک پارٹنر شپ نمایاں تھی، دوران گفتگو سی پیک سمیت اہم شعبوں میں تعاون کا جائزہ بھی لیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مسئلہ کشمیر پر چین کے اصولی مؤقف پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جب کہ چینی وزیراعظم لی کیانگ نے چین کے لیے پاکستان کی حمایت کو سراہا تھا۔