(علی رامے) بچھڑے لوگوں کو اپنے پیاروں سے ملانے کیلئے پنجاب پولیس کی پبلک ایپ ”میرا پیارا“ کا آغاز کردیا گیا ہے۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے ایپ کا باقاعدہ آغاز کیا۔
اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس پبلک ایپ میں عوام کی سہولت کیلئے 11 مفید فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔
”میرا پیارا“ ایپ کے ذریعے گمشدہ بچوں، بزرگوں، مریضوں کو ورثا سے ملایا جائے گا، اس ایپ میں گمشدہ بچے اور افراد، ان کے لواحقین کا بائیو ڈیٹا، تصویر، فنگر پرنٹ، شناختی کارڈ اور ب فارم کی تفصیلات ہوں گی۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پولیس ایپ کے ذریعے گمشدگی کی رپورٹ گھر بیٹھے کی جاسکے گی، ایپ پر اسپیشل بچے یا فرد کو بھی گمشدگی کے خدشے کے پیش نظر رجسٹرڈ کیا جاسکے گا۔
یہ بھی پڑھیے: وزیراعلیٰ پنجاب کا بچھڑوں کو اپنے پیاروں سے ملانے کیلئے '' میرا پیارا '' ایپ فنکشنل کرنے کی ہدایت
اس ایپ کے ویمن ہراسمنٹ فیچر کے ذریعے ملزم کو فوری ٹریس یا گرفتار کیا جاسکے گا۔ اس کے علاوہ خدمت مرکز کی 18 سروسز بھی اسی ایپ میں شامل کی گئی ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پولیس ایپ پر شکایات یا کرائم رپورٹ بھی درج کرانے کی سہولت میسر ہوگی جبکہ دہشتگردی کے واقعات کوایپ پر اپلوڈ کرنے سے براہ راست سی ٹی ڈی تک پہنچ جائےگی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب پولیس پبلک ایپ کی تشکیل پر پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے، ایپ کا آئیڈیا گوجرانوالہ میں گمشدہ ورثاء کی تلاش کے دوران سامنے آیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سی ٹی او لاہور نے گمشدہ بچے کی تلاش کیلئے قابل تحسین کردار ادا کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور، ایم ڈی سیف سٹی اتھارٹی، سی ٹی او اور ڈی جی آئی ٹی بھی موجود تھے۔