(اویس کیانی) موجودہ حکومت میں گندم کی درآمد جاری رکھنےکے معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، وزیراعظم شہبازشریف کےوزارت فوڈ کے وزیر ہوتے ہوئے گندم کی درآمد کا انکشاف ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کےوزارت فوڈ کے وزیر ہوتے ہوئے گندم کی درآمد کی گئی، مارچ میں گندم کی درآمد کےوقت وزیراعظم وزارت فوڈ کے انچارج وزیرخودتھے، وزیراعظم نے3 اپریل کووفاقی وزیر رانا تنویر کو نیشنل فوڈ سیکیورٹی کا اضافی قلمدان دیا، اس سےقبل تقریبا ایک ماہ تک وزیراعظم شہباز شریف نیشنل فوڈ سیکیورٹی کےانچارج وزیر تھے، وزیراعظم نےگندم درآمد کے معاملے پرسیکریٹری فوڈمحمد آصف کو او ایس ڈی کردیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: فیض آباد دھرنے کا ذمہ دار کون؟ انکوائری کمیشن رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع
سرکاری اعدادو شمار کے مطابق موجودہ حکومت کے پہلے ماہ 6 لاکھ 91 ہزار 136 میٹرک ٹن گندم درآمد کی گئی، نگران دور میں27 لاکھ58 ہزار 226 میٹرک ٹن گندم درآمد کی گئی تھی، مارچ 2024 میں57 ارب 19 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کی گندم درآمد کی گئی، رواں مالی سال فروری تک 225 ارب78 کروڑ30 لاکھ روپے کی گندم امپورٹ ہوئی۔
سرکاری اعداوشمار سے مزید معلوم ہوتا ہے کہ رواں مالی سال مارچ تک کل 34 لاکھ 49 ہزار 436میٹرک ٹن گندم درآمد کی گئی، رواں مالی سال مارچ تک 282 ارب 97 کروڑ 50 لاکھ روپے مالیت کی گندم درآمد کی گئی۔