وفاقی وزیر خزانہ نے قوم کو خوشخبری سنادی

Nov 05, 2022 | 11:54:AM

(24 نیوز)وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہاہے کہ چین اور سعودی عرب نے پاکستان کو 13 ارب ڈالر کا پیکیج فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو  کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین اور سعودی عرب نے پاکستان کو 13 ارب ڈالر کا پیکیج فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی، موجودہ مالی سال چین قرضے رول اوور کرنے سمیت 8.8 ارب ڈالر کی معاونت کرے گا، چین 4 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس کی واپسی روول اوور کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو 3.3 ارب ڈالر کے چینی کمرشل قرضے بھی فراہم کیئے جائیں گے، چین اس کے علاوہ 1.45 ارب ڈالر کی اضافی فنانسنگ کرے گا، سعودی عرب کی جانب سے 4.2 ارب ڈالر کی اضافی رقم فراہم کرنے کا امکان ہے، تین ارب ڈالر کے اضافی زخائر اور موخر ادائیگی پر تیل کی سہولت شامل ہے، سعودی عرب گوادر میں پیٹرو کیمیکل کمپلیکس تعمیر کرے گا۔

ضرور پڑھیں : ایف آئی آر کا معاملہ ، پرویز الٰہی اور عمران خان میں شدید اختلافات پیدا ہو گئے

چینی اور سعودی قیادت نے وزیراعظم شہباز شریف کو تعاون کی یقین دہانی کرا دی، دونوں ملک جون 2023 تک پاکستان کی مالی ضروریات کا خیال رکھیں گے، چین نے ایم ایل ون اور کراچی سرکلر ریلوے پر کام جلد شروع کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

اس سے قبل قومی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہاکہ چین مشکل وقت میں کام آنے والا دوست ہے، گذشتہ دور حکومت میں سی پیک منصوبے کو متنازعہ بنایا گیا،چین کے ساتھ مل کر تعمیر و ترقی کا سفر دوبارہ شروع کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی چین کے صدر اور وزیراعظم سے تفصیلی ملاقاتیں ہوئیں، چینی قیادت سے انتہائی دوستانہ ماحول میں بات چیت ہوئی،ان کاکہناتھا کہ ریلوے کے ایم ایل ون منصوبے پرمثبت گفتگوہوئی۔

مزیدخبریں