(24 نیوز) سپریم کورٹ میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کے حوالے سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں لکھا گیا ہے کہ عمران خان کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کی وجہ سے 7 نومبر کو سماعت نہ کی جائے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ 3 نومبر کو عمران خان کیساتھ یہ حادثہ پیش آیا اور سرجری ہوئی، مزید سرجری بھی ہوسکتی ہے۔ اس صورتحال میں تفصیلی جواب جمع کرانا ممکن نہیں۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور پارٹی رہنماؤں پر احتجاج کی آڑ میں پولیس کے ساتھ مزاحمت اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
پولیس کی مدعیت میں 24 نامزد ملزمان کے خلاف تھانہ آئی نائن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ نامزد پی ٹی آئی رہنماؤں میں علی احمد اعوان، عامر محمود کیانی، واصف قیوم سمیت چودھری شعیب شامل ہیں۔ ملزمان نے پولیس کے ساتھ مزاحمت کی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا، ملزمان نے پولیس اور ایف سی اہلکاروں پر ڈنڈوں اور پتھروں سے حملہ بھی کیا۔