(محسن الملک، اسلام آباد) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف 7 اور 8 نومبر کو مصر کا دو روزہ دورہ کریں گے۔ اس دوران شہباز شریف شرم الشیخ میں منعقدہ اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلیوں پر بین الاقوامی کانفرنس میں بطور وائس چیئرمین شرکت کریں گے۔
6 نومبر سے 18 نومبر تک جاری رہنے والی کانفرنس میں 90 کے قریب سربراہان مملکت و وفود شرکت کررہے ہیں۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان ہمسایہ ممالک میں ہمیشہ ہماری اعلیٰ ترجیح رہا ہے، ترجمان چینی دفتر خارجہ
وزیراعظم مصری صدر عبدالفتح السیسی سے بھی ملاقات کریں گے جس میں پاک مصر تعلقات میں بہتری، موسمیاتی تبدیلیوں کے درپیش چیلنجز سے مشترکہ طور پر نمٹنے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کو دورہ مصر کی دعوت مصری صدر عبدالفتح السیسی نے دی ہے۔ کانفرنس کی سائیڈ لائینز پر وزیراعظم شہباز شریف مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان سمیت اعلی سطح کا وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوگا۔