(24 نیوز)تحریک انصاف کے احتجاجی مظاہرے کے دوران موٹر سائیکل سے محروم ہونے والے نوجوان کو بڑی خوشی مل گئی ،اسلام آباد چیمبر کے ممبر فیصل جمیل نے نئی موٹر سائیکل خرید کر متاثرہ نوجوان کے حوالے کر دی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز فیض آباد میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے عمران خان پر حملے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جارہا تھا کہ اسی دوران نوجوان موٹر سائیکل پر وہاں سے گزر رہا تھا، مشتعل ہجوم نے نوجوان کواتار کر موٹر سائیکل کو آگ لگا دی، موٹر سائیکل جلنے پر نوجوان کی نم آنکھوں کے ساتھ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
اسلام آباد چیمبر کے ممبر فیصل جمیل نے فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نئی موٹر سائیکل خرید کر متاثرہ نوجوان کے حوالے کر دی،ڈی آئی جی آپریشنز آفس میں نئی موٹر سائیکل اشتیاق کے حوالے کر دی گئی ،متاثرہ نوجوان والدہ کے ہمراہ موٹر سائیکل لیکر روانہ ہوگیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ رات ہی فیصل جمیل نے اشتیاق کو نئی موٹر سائیکل کیلئے چیک دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت میں حیران کن کمی