پی ٹی آئی کی کال پرملک بھرمیں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ، شہری روڈ بلاک ہونے سے پریشانی کی شکار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) اسلام آبادکے علاقے فیض آباد میں تحریک انصاف نے احتجاجی مظاہرہ کیا تاہم شدید بارش کی وجہ سے تحریک انصاف کے مظاہرین فیض آباد نہ پہنچ سکے ۔ خراب موسم کے باعث قائدین کہ کال پر مظاہرین کی کم تعداد تھی تاہم تحریک انصاف کے کارکنان بارش کی وجہ سے مری روڈ سے ہی منتشر ہوگئے ۔پولیس کی بھاری نفری فیض آباد کے مقام پر موجود تھی۔ فیض آباد کے مقام پر پولیس کی مظاہرین کی جانب سے لگائی رکاوٹیں ہٹانے کا آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
کراچی میں بھی پی ٹی آئی کارکنان نے نمائش چورنگی پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور موجودہ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔مظاہرین کی جانب سے ایم اے جناح روڈ پر آگے بڑھنے کا اعلان تاہم پولیس نے ایم اے جناح روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کردی ہیں ۔ مظاہرے میں بلال غفار راجہ اظہر اور دیگر رہنما شریک تھے جنھوں نے احتجاج کا سلسہ جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
پی ٹی آئی کی کال پرملک بھرمیں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے تاہم شہری روڈ بلاک ہونے سے شدیدپریشانی کی شکار ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی کال پر لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ ناکے پر پی ٹی آئی کارکنان سراپا احتجاج ہیں اور کارکنان کی جانب سے عمران خان کے حق میں نعرے بازی کی جا رہی ہے۔
ملتان میں بھی عمران خان کی احتجاج کی کال پر تحریک انصاف کے کارکنان نے بلی والا انٹر چینج پر احتجاج کیا جو 5گھنٹوں بعد ختم کردیا گیا اور انٹرچینج کو 5 گھنٹوں بعد کھول دیا گیا۔
پی ٹی آئی کی کال پر ڈسکہ میں احتجاج کیا گیا اور رکاوٹیں کھڑی کرکے روڈ بند کرکے ٹریفک جام کر دی گئی اور موجودہ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ روڈ بلاک ہونے سے ٹریفک روک گئی دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
بنوں میں بھی عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف پی ٹی آئی کے کارکنوں کا احتجاجی مظاہرہ جاری ہے اور مظاہرین نے لنک روڈ چوک کو بلاک کر دیا ہے ۔مظاہرین نے وفاقی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مریدکے میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم ڈرائیوروں نے منزلوں تک پہنچنے کیلئے متبادل رستے تلاش کرلیے۔