وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سی ٹی ڈی کے فیوژن سینٹر کا افتتاح کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے فیوژن سینٹر کا افتتاح کردیا۔
وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی عمران یعقوب اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے، انسپکٹر جنرل پولیس سندھ نے سی ٹی ڈی فیوژن سینٹر کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ کو تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے گزشتہ سال سی ٹی ڈی کے فیوژن سینٹر کے قیام کیلئے 772 ملین روپے کی منظوری دی تھی، منصوبہ قومی ادارے این آر ٹی سی نے مکمل کیا ہے، منصوبے سے تمام سٹیک ہولڈرز کے آف لائن اور آن لائن ڈیٹا بیس کو مربوط کیا جا ہا ہے، فیوژن سینٹر جدید آلات سے لیس ہے اور فیصلہ سازی میں مدد کرتا ہے۔
سی ٹی ڈی فیوژن سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں شدت پسندی میں ملوث افراد اور گروہوں کا سدباب کرنا ہوگا، حکومت سندھ نے سی ٹی ڈی کو جدید ترین اسلحہ اور ٹیکنالوجی فراہم کردی ہے، عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی جذبے سے کام کرنے پر سندھ پولیس کے تربیت یافتہ جوانوں پر فخر ہے، دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے سندھ پولیس کا کردار ناقابل فراموش ہے، پولیس جوانوں نے فرض کی ادائیگی میں بےمثال قربانیں دی ہیں، سندھ پولیس کا غیرمتزلزل عزم اور ہمت قابل ستائش ہے۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ہم نے سندھ پولیس اور اس کے دیگر ذیلی ونگز کو ٹیکنالوجی سے مضبوط کیا ہے تاکہ دہشتگردی کے ناسور کو ختم کیا جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اس موقع پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس خاص طور پر سی ٹی ڈی کی کاوشوں کو سراہا، انہوں نے پولیس کے ساتھ رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی امن و امان کی بحالی میں محنتوں کی بھی تعریف کی۔