منشیات کیس: شاہ رخ خان کے بیٹے کیخلاف اہم شواہد سامنے آگئے

Oct 05, 2021 | 18:21:PM

(24نیوز) دورانِ تفتیش منشیات کیس میں گرفتار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی واٹس ایپ چیٹ سے اہم شواہد سامنے آگئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق این سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ منشیات کیس میں  گرفتار کیے گئے تمام افراد اور دو منشیات فروش جو اس وقت این سی بی کی تحویل میں ہیں مبینہ طور پر ایک دوسرے سے واٹس ایپ پر رابطے میں تھے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ تمام افراد واٹس ایپ چیٹ میں بات کرتے ہوئے کوڈ ورڈز کا استعمال کرتے تھے۔

این سی بی نے سٹی کورٹ کے سامنے یہ دعویٰ بھی کیا کہ آریان خان اور اس کیس کے سلسلے میں گرفتار دو دیگر افراد کی واٹس ایپ چیٹس میں چونکا دینےوالا مواد سامنے آیاہے جو کہ بین الاقوامی سطح پر منشیات کی اسمگلنگ کو ظاہر کرتا ہے۔

میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے آریان خان کے دوست اداکار ارباز کے والد نے این سی بی کی جانب سے واٹس ایپ چیٹس کے حوالے سے کیے گئے دعوے کی تردید کی ہے۔ارباز کے والد نے کہا ہے کہ ’منشیات سے متعلق کوئی واٹس ایپ چیٹس نہیں ہیں، واٹس ایپ چیٹ صرف جہاز پر جانے کے پروگرام کے حوالے سے کی گئی آخری لمحے کی بات چیت تھی کیونکہ انہیں جہاز پر ہونے والی پارٹی میں مدعو کیا گیا تھا۔‘انہوں نے مزید کہا کہ ’ارباز نے کروز پارٹی میں جانے سے قبل دوستوں کے ساتھ ہی ناشتہ کیا تھا اور دوستوں کے ساتھ ہی ڈنر بھی کرنا تھا۔‘

واضح رہے کہ بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو منشیات برآمدگی کیس میں انسدادِ منشیات کے ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے گرفتار کیا گیا تھا۔گرفتار آریان خان کے ریمانڈ میں 3 دن کی توسیع کردی گئی ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں:عمرشریف کامیڈی فلم بنانے کا ارادہ رکھتے تھے،میرا

مزیدخبریں