(24نیوز) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی، دوستانہ اور گہرے تعلقات ہیں، دونوں ممالک نے تعلقات کو پائیدار شراکت داری میں تبدیل کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق جنرل باجوہ سے سعودی رائل نیول فورسز کے کمانڈر نے ملاقات کی، اس دوران باہمی دلچسپی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں افغانستان کی صورتحال، علاقائی سکیورٹی کی صورتحال، افواج میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں سمندری امور بھی زیر غور آئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی کمانڈر نے افغان صورتحال خاص کر غیر ملکیوں کے انخلا میں پاکستان کے کردار کو سراہا، سعودی کمانڈر نے علاقائی امن کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
دریں اثناکمانڈر رائل سعودی نیول فورسز وائس ایڈمرل فہد بن عبد اللہ الغفیلی نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے بھی نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ معزز مہمان کا نیول ہیڈکوارٹرز میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے بھی تعارف کروایا گیا۔ بعد ازاں کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز وائس ایڈمرل فہد بن عبداللہ الغفیلی نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ امور اور باہمی بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ معزز مہمان کو پاک بحریہ کے کردار اور صلاحیتوں پر بریفنگ دی گئی۔
امیر البحر نے خطے میں بحری امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لئے پاک بحریہ کی کاوشوں اور عزم کو اجاگر کیا اور ریجنل میری ٹائم سیکورٹی پٹرول کے اقدام پر بات کی۔ کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز نے خطے میں بحری امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لئے پاک بحریہ کے عزم اور کوششوں کو سراہا۔ دونوں سربراہان نے عسکری تربیت، دو طرفہ دورے اور دفاعی معاملات میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ اس دورے سے دونوں ممالک کی بحریہ کے مابین دفاعی اشتراک کو فروغ ملے گا۔
یہ بھی پڑھیں۔عائزہ خان کی نئی ٹک ٹاک ویڈیومداحوں کو بھا گئی