(24 نیوز) نیشنل فلڈ ریسپانس اینڈ کوارڈینیشن سینٹر کا اجلاس وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت ہوا۔
اجلاس میں نیشنل کوآرڈینیٹر این ایف آر سی سی میجر جنرل ظفر اقبال، چئیرمن این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز، وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ طارق بشیر چیمہ اور صوبائی سیکرٹریز زراعت سمیت متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔
مذکورہ اجلاس میں سیلاب زدہ علاقوں میں ربیع کی فصل خصوصاً گندم اور تیل کے بیجوں کی منصوبہ بندی اور کسانوں کو ریلیف پہنچانے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین احسن اقبال نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں بیجوں کے تقیسم کے عمل کو ہر حال میں شفاف بنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے: اگلے ہفتے تاریخی کسان پیکج کا اعلان کریں گے، شہبازشریف
اجلاس میں سیلاب سے سندھ اور بلوچستان میں قابل کاشت رقبے کے متاثر ہونے کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔
حکام کی جانب سے بیج کے لیے کسانوں کو 30 فیصد سبسڈی دینے کے حوالے سے منصوبہ بھی موضوع بحث لایا گیا۔
ڈپٹی چیئرمین این ایف آر سی سی نے زیر آب آنے والے قابل کاشت رقبے کا کوالٹیٹو جائزہ لینے کی ہدایات بھی جاری کیں تاکہ امدادی سرگرمیوں کے نظام کو بہتر بنایا جاسکے۔صوبوں کی ضروریات کا پچاس فیصد بیج وفاقی حکومت فراہم کرے گی۔