دوسری شادی کا فیصلہ؟ ماہرہ نے پیغام جاری کردیا

Oct 05, 2023 | 13:15:PM

(ویب ڈیسک) پاکستانی نامور اداکارہ ماہرہ خان کا شادی کے بعد پہلا بیان جاری کرتے ہوئے کہنا ہے کہ دوسری شادی کا فیصلہ مشکل ترین تھا لیکن آسان تھا۔

ماہرہ خان 2 اکتوبر کو اپنے دوست سلیم کریم کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں جس کی تصدیق اداکارہ کے بھائی اور ان کی مینیجر نے انسٹاگرام پر جاری تصاویر اور ویڈیو کے ذریعے کی۔

اب اداکارہ کی جانب سے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں انہوں نے اپنے ساتھی اداکاروں سمیت تمام مداحوں کا شکریہ ادا کیا  جنہوں نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔  شادی پر مبارکباد دینے اور نیک خواہشات کا اظہار کرنے والے افراد کے لیے ماہرہ خان کا انسٹاگرام اسٹوری میں کہنا تھا کہ  وہ ہمیشہ ان سب کی شکر گزار رہیں گی۔ اداکارہ نے درخواست کی اور لکھا 'میرے، اذلان اور سلیم کے لیے دعا کرتے رہیں، دوسری شادی کا فیصلہ میری زندگی کا مشکل ترین لیکن ساتھ ہی آسان بھی تھا'۔ 

ماہرہ خان نے اسٹوری میں مداحوں سے وعدہ کیا کہ وہ جلد ہی شادی کے مزید لمحات یعنی تصاویر اور ویڈیوز اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کریں گی۔

دوسری جانب اداکارہ کی جانب سے انسٹاگرام  پر تصاویر جاری کرتے ہوئے کیپشن پر اپنی والدہ کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ انہوں نے لکھا 'میری والدہ کی خواہش تھی کہ میری شادی کی شروعات دعائے خیر سے ہو، میری خوبصورت اماں جو وہیل چیئر پر ہیں، لوگ سمجھتے ہیں وہ زیادہ کچھ نہیں کرسکتیں لیکن دراصل وہ بہت کچھ اور سب کچھ کرسکتی ہیں'۔

ماہرہ نے لکھا 'انہوں نے بیٹھے ہوئے گھر کی تمام ڈیکوریشن اور دیگر تیاریاں کیں اور وہ وقت پر تیار بھی تھیں ، ہمارے والدین کے لیے الحمداللہ'۔ اداکارہ نے بتایا 'اسی دن میری بچپن کی دوستوں نے میرے لیے مایوں رکھی، ان دوستوں کے لیے الحمداللہ جنہیں میں اپنی بہنیں کہہ سکتی ہوں'۔

ماہرہ خان نے یہ بھی بتایا کہ 'میں نے نیچے جانے سے قبل اپنی نانی اور دادی کے لیے موتیا کے پھول لے کر کانوں میں پہنی بالیوں میں ڈال لیے تھے'۔

تصاویر سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ماہرہ نے دعائے خیر میں آف وائٹ رنگ کے حیدرآبادی کرتے کے ہمراہ سنہرے رنگ کا چوڑی دار پاجامہ پہنا تھا جب کہ مایوں میں انہوں نے روایتی پیلے رنگ کا جوڑا پہنا۔

مزیدخبریں