پی ٹی آئی چیئرمین کی سالگرہ، کیک پر قیدی نمبر درج

Oct 05, 2023 | 15:19:PM

(ویب ڈیسک) اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج 71 برس کے ہوگئے۔

پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل اکاونٹ پر بھی عمران خان کی سالگرہ کے حوالے پوسٹس میں انہیں مبارکباد دی گئی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس حوالے سے شیئرکی جانے والی ویڈیو میں ایک کیک پر ’اٹک قیدی نمبر804’ لکھوایا گیا ہے جو انہیں ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں الاٹ کیا گیا تھا۔ سابق وزیراعظم اس وقت سائفر کیس میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں جہاں ان کا نمبر 943 ہے تاہم تحریک انصاف کی جانب سے انہیں قیدی نمبر 804 ہی کہا جارہا ہے۔

عمران خان کی وجہ شہرت سیاست سے زیادہ کرکٹ ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی انہیں سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کے کریئر کے حوالے سے مختصر پوسٹ کی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ سابق کپتان نے 88 ٹیسٹ میچز میں آل راونڈ کارکردگی دکھاتے ہوئے 3 ہزار 807 رنز بنائے اور اس کے ساتھ 362 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان کے ون ڈے کریئر کے حوالے سے بتایا کہ عمران خان نے 175 ایک روزہ میچز میں 3 ہزار 709 رنز بنارکھے ہیں جب کہ 182 وکٹیں بھی حاصل کیں، جب کہ 1992 کی فاتح پاکستانی ٹیم کے وہ کپتان بھی تھے۔ اور وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہال آف فیم میں بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نیازی کی اصل یوم پیدائش 05 اکتوبر 1952ء ہے لیکن پی سی بی کی طرف سے بنوائے گئے پاسپورٹ پر 25 نومبر 1952 درج ہے ۔ 

مزیدخبریں