(24نیوز) مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف عوام اور ملک کو مشکلات سے نکالنے آ رہےہیں،نوازشریف کے دور میں مہنگائی کنٹرول میں رہی،نوازشریف کو نکالا تو ملک سے ترقی اور خوش حالی بھی نکل گئی،اقلیتیں 21 اکتوبر کو بھرپور انداز میں قائد نوازشریف کا استقبال کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) اقلیتی ونگ کا مشاورتی اجلاس ہوا، اجلاس میں مسیحی، سکھ اور ہندو برادری کے نمائندوں اور عہدیداروں نے بھی شرکت کی،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کوئی اقلیت کوئی اکثریت نہیں، ہم سب پاکستانی ہیں،آج پاکستان کی اقلیتوں کے خوبصورت رنگ یہاں دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے،نواز شریف عوام اور ملک کو مشکلات سے نکالنے آ رہا ہے،21 اکتوبر کو پاکستان کے اچھے دِن واپس آرہے ہیں، اِنشاءاللہ 21 اکتوبر کو پاکستان کی خوش حالی واپس آرہی ہے،21 اکتوبر کو مہنگائی میں کمی واپس آرہی ہے۔
مریم نوازشریف نے کہا کہ 2013سے 2018 تک نوازشریف کے دور میں مہنگائی کنٹرول میں رہی،نوازشریف کو نکالا تو ملک سے ترقی اور خوش حالی بھی نکل گئی،نوازشریف کو اقتدار سے نکالا تو ملک سے امن وسکون بھی نکل گیا،تحریک پاکستان میں اقلیتوں کا کردار ناقابل فراموش ہے،قیام پاکستان، دفاع پاکستان اور تعمیر پاکستان میں اقلیتوں کا برابر کا حصہ جو قابل فخر اور ناقابل فراموش ہے.
مریم نواز شریف نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کی خلاف ورزی نظریہ پاکستان اور بابائے قوم حضرت قائد اعظم کے وعدوں اور فرمودات کی خلاف ورزی ہے،پاکستان مسلم لیگ (ن) غیرمسلم پاکستانیوں کی نمائندہ اور سب سے بڑی جماعت ہے،تعلیم اور صحت کے شعبے میں اقلیتوں کا کردار کیسے نظر انداز ہو سکتا ہے،قائد نواز شریف نے مسلم اور غیرمسلم پاکستانیوں کے حقوق میں کبھی امتیاز نہیں برتا،غیرمسلم پاکستانی مینار پاکستان پر قائد نواز شریف کے ساتھ مل کر روشن پاکستان کی تعمیر کے عہد کا اعادہ کریں گے۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ قائد نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان کی ترقی کا وژن دیں گے، آئین کے مطابق غیرمسلم پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کا ایجنڈا دیں گے،جیسے ایک ازاد پاکستان بنا تھا، اب قرض، مہنگائی اور معاشی بدحالی سے آزاد پاکستان بنائیں گے، انشاءاللہ،مینار پاکستان پر ایک اسلامی جمہوری فلاحی مملکت کا خواب دیکھا تھا، اب مینار پاکستان پر پاکستان کو معاشی آزادی دلانے کا ایک اور تاریخی عہد کریں گے،نواز شریف نے قوم سے ہر وعدہ پورا کیا، اب معاشی طور پر خود انحصار پاکستان بنانے کا وعدہ پورا کریں گے۔