الخدمت فاؤنڈیشن کے  22  ویں الخدمت آغوش ہوم کا افتتاح

Oct 05, 2023 | 19:09:PM
الخدمت فاؤنڈیشن کے  22  ویں الخدمت آغوش ہوم کا افتتاح
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( شعیب ہاشمی) الخدمت فاؤنڈیشن  نے  فیصل آباد میں یتیم بچوں کے لیے  22 ویں الخدمت آغوش ہوم کا افتتاح کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن نے آغوش ہوم کے افتتاح کے وقع  پرپُروقار تقریب کا انعقاد کیا، جس میں الخدمت فاؤنڈیشن وسطی پنجاب کے صدر اکرام الحق سبحانی،الخدمت  آغوش ہومز   کے  نیشنل ڈائریکٹر ائیر مارشل (ر)  ارشد ملک،سینئر منیجر میڈیا ریلشنز شعیب ہاشمی، ورلڈ کئیر فاؤنڈیشن سے ڈاکٹر  ریاض حسین  اور  الخدمت فیصل آباد کے صدر رائے محمد اکرم خاں کھرل سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادکی کثیر تعداد شامل تھی۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  الخدمت آغوش ہومز کے نیشنل ڈائریکٹر ائیر مارشل (ر) ارشد ملک نے کہا  کہ الخدمت آغوش ہومز کے منصوبے  کا آغاز اٹک میں  2005 کے زلزلے میں والدین سے محروم بچوں کیلئے ایک چھوٹا سا گھر بنانے سے کیا گیا۔جس کے بعد  ملک بھر میں یتیم بچوں  کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے الخدمت   آغوش ہومزکے قیام کا سلسلہ شروع  ہوا اور آج فیصل آباد میں 22ویں آغوش ہوم کا  قیام   عمل میں لایا گیا گیاہے۔الخدمت اس وقت ملک بھر میں آغوش الخدمت ہومز سمیت الخدمت آرفن فیملی سپورٹ پروگرام کے تحت28 ہزار سے زائد یتیم بچوں کی کفالت کررہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان آغوش ہومزمیں یتیم بچوں کو تمام تر سہولیات جن میں رہائش، کھاناپینا، تعلیم و تربیت، لائبریری،پلے گراونڈ، مسجد اور صحت کی سہولیات مہیا کی جاتی ہیں۔

ائیر مارشل (ر)ارشد ملک نے کہا کہ الخدمت آغوش فیصل آباد 63 مرلے کے رقبے پر قائم عمارت ہے جہاں ابتدائی طور پر 60 بچوں کو  رہائش، خوراک، تعلیم ، صحت اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی فراہم کی جا رہی ہیں۔جبکہ آغوش میں کمپیوٹر لیب، لائبریری،سپورٹس گراؤنڈ، ان ڈور گیمز اوربچوں کی نفسیاتی نشو ونما کے لیے مختلف لیکچرز اور تعلیمی دوروں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ الخدمت آغوش فیصل آباد کے  اگلے مرحلے کے لیے  مخیر حضرات کے تعاون سے  44 کنال  رقبہ حاصل کر لیا گیا ہے جہاں  250 یتیم بچوں کے لیے آغوش سمیت  سکول اور  ہسپتا ل کی تعمیر کا جلد آغاز کر دیا جائے گا۔
 ڈاکٹر ریاض حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن ملک و بیرون ملک خدمت کا معتبر نام ہے۔ الخدمت آفات سے بچاؤ  اور دیگر خدمات سمیت یتیم بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے جو اقدامات کر رہی ہے، اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے۔ مجھے امید ہے کہ آغوش میں یہ بچے پڑھ لکھ کر اپنی والدہ اور مرحوم والد کے خوابوں کی تعبیر کریں گے۔ 

الخدمت فاؤنڈیشن وسطی پنجاب کے صدر اکرام الحق سبحانی نے  اِس موقع پر کہا کہ الخدمت  کا مشن ہے کہ کوئی بھی  یتیم  بے سہارا  نا رہے ۔   یونیسیف کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 42 لاکھ سے زائد بچے یتیم ہیں، جن کی عمریں 17 سال سے کم ہیں اور ان میں بڑی تعداد ایسے بچوں کی ہے جنہیں تعلیم وتربیت، صحت اور خوراک کی مناسب سہولیات میسر نہیں۔ یہ بچے تعلیم و تربیت اور مناسب سہولیات نہ ملنے کے باعث معاشرتی اور سماجی محرومیوں کا شکار ہیں، بلکہ کئی تو بے راہ روی تک کا شکار ہوجاتے ہیں۔الخدمت فاؤنڈیشن نے اِسی ضرورت کے پیش نظر ملک بھر میں یتیم بچوں کی کفالت کاآغا ز کیا اور الخدمت اس وقت ملک بھر میں آغوش الخدمت ہومز سمیت الخدمت آرفن فیملی سپورٹ پروگرام کے تحت28 ہزار سے زائد یتیم بچوں کی کفالت کررہی ہے۔الخدمت یتیم بچوں کی  کفالت کے  ساتھ ساتھ اُن کی  بیوہ ماؤں کوہنر مند بنانے کے لیے اقدامات بھی کر رہی ہے۔ 


تقریب کے اختتام پر بچوں  کوتحائف دیے گئے اور مہمانان کو آغوش کا دورہ بھی کرایا گیا۔مہمانوں نے بچوں کو فراہم کردہ سہولیات پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا اور الخدمت کی یتیم بچوں کے لئے کی جاری کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے  یتیم بچوں  کے لیے  آغوش  کے قیام پر مبارکباد دی اوراس عزم کا اعادہ کیا کہ سب مل کر ان باہمت بچوں اور بچیوں کو مکمل تحفظ فراہم کریں گے۔