(ویب ڈیسک) عامر خان کی سابقہ اہلیہ کرن راؤ کی ہدایت کاری میں بننے والی بالی ووڈ فلم "لاپتہ لیڈیز" جاپان میں ریلیز ہوگئی۔
بیویاں بدل جانے کی کہانی پر مبنی اس فلم "لاپتہ لیڈیز"کا جاپانی ورژن گزشتہ روز 4 اکتوبر کو جاپان کے سینما گھروں میں ریلیز ہوا،بڑی اسکرین پر زبردست پذیرائی حاصل کرنے والی اس فلم کو آسکر ایوارڈز 2025 میں انٹرنینشل فلم کیٹیگری کے لیے بھی نامزد کیا گیا ہے،اس سے قبل "لاپتہ لیڈیز" نے انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن 2024 (IFFM) میں بہترین فلم ناقدین کا ایوارڈ بھی جیتا تھا۔
واضح رہے کہ رواں سال یکم مارچ کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی فلم "لاپتہ لیڈیز" کو کرن راؤ، عامر خان اور جیوتی دیشپانڈے نے پروڈیوس کیا تھا۔
فلم بپلاب گوسوامی کی ایک ایوارڈ یافتہ کہانی پر بنائی گئی ہے جس میں پرتیبھا رانتا، سپارش شریواستو اور نیتانشی گوئل نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں،فلم میں ایک ایسے شخص کی کہانی بیان کی گئی ہے جس کی دلہن ٹرین سفر کے دوران گُم ہوجاتی ہے اور وہ گھونگھٹ کی وجہ سے دوسری دلہن کو اپنے ساتھ گھر لے آتا ہے۔
بھارت کے دیہی علاقوں کی سادگی اور بھولے پن کے پسِ منظر میں بنائی گئی اس فلم کو ریلیز کے پہلے دن سے ہی خوب پذیرائی ملی ہے، فلم 26 اپریل کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر بھی ریلیز کی گئی تھی ۔