(24نیوز)راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قائم عدالت میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ کیس ٹو اور 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی گئیں۔
ذرائع کے مطابق دونوں کیسز کی سماعت راستوں کی بندش کی وجہ سے ملتوی کی گئی ہے، عدالت نے توشہ خانہ کیس ٹو میں آج ملزمان پر فردِ جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کی تھی۔
توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کرنی تھی۔
190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کرنی تھی،اب توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت 7 اکتوبر اور 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت 8 اکتوبر کو ہو گی۔