(ویب ڈیسک)سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز نے اپنے مرحوم شوہر یحییٰ صدیقی کی زندگی کا آخری انٹرویو یوٹیوب پر جاری کردیا۔
شگفتہ اعجاز کے مطابق اُنہوں نے اپنے مرحوم شوہر کا آخری انٹرویو سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولاجی ٹرانسپلانٹ (ایس آئی یو ٹی) میں ریکارڈ کیا تھا جو اداکارہ نے 3 اکتوبر کو اپنے یوٹیوب چینل پر اپلوڈ کیا۔
26منٹ دورانیے کے اس انٹرویو میں یحییٰ صدیقی نے اپنی زندگی کے مختلف معاملات پر کُھل کر بات کی ، ویڈیو میں اُنہیں کینسر کی وجہ سے کافی کمزور حالت میں دیکھا گیا۔
ویڈیو میں شگفتہ اعجاز نے شوہر سے پوچھا کہ آپ کی زندگی کا سب سے اچھا اور خوبصورت دور کون سا تھا؟ اس پر یحییٰ صدیقی نے کہا کہ میں نے اللہ تعالیٰ کے کرم سے بہترین زندگی گزاری ہے، اسی وجہ سے مجھے اپنی پوری زندگی ہی اچھی لگی۔
شگفتہ اعجاز نے شوہر سے سوال کیا کہ اگر آپ کو دوبارہ زندگی ملی تو آپ کیا کریں گے؟، اس سوال کے جواب میں یحییٰ صدیقی نے کہا کہ میں اپنی دوسری زندگی میں بھی شگفتہ اعجاز کو ہی ڈھونڈوں گا۔
اداکارہ نے شوہر سے کہا کہ میں نے سنجیدہ سوال پوچھا تو لہٰذا آپ بھی سنجیدہ جواب دیں،اس پر یحییٰ صدیقی نے کہا کہ یہ میرا سنجیدہ جواب ہی ہے۔دورانِ انٹرویویحییٰ صدیقی بار بار اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے نظر آئے اور کہا کہ اُنہیں اپنی زندگی سے کسی قسم کا کوئی شکوہ نہیں ہے۔
سوشل میڈیا پر یحییٰ صدیقی کا یہ آخری انٹرویو وائرل ہورہا ہے جس میں صارفین کی جانب سے اُن کی مغفرت کی دُعا کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ شگفتہ اعجاز کے شوہر یحییٰ صدیقی پچھلے 5 برسوں سے کینسر میں مبتلا رہنے کے بعد 12 ستمبر کو انتقال کرگئے تھے،شگفتہ اعجاز اور یحییٰ صدیقی کی یہ دوسری شادی تھی،دونوں کی پہلی شادیوں سے دو دو بچے ہیں جبکہ ان دونوں کی دو مشترکہ بیٹیاں بھی ہیں۔