(24نیوز)سینئر اداکارہ اور ٹی وی میزبان نادیہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی سمیت ملک کے کئی بڑے اور چھوٹے شہروں میں حلالہ سینٹرز بن چکے ہیں جن کی آن لائن تشہیر بھی کی جا رہی ہے۔
نادیہ خان نے 24نیوزکے شو"کیا ڈراما ہے"میں ڈرامے "من جوگی"میں حلالہ کے مناظر دکھانے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہم سماجی مسئلہ ہے جسے ڈرامے میں انتہائی اچھے طریقے سے دکھایا گیا،حلالہ ایک اہم مسئلہ ہے جس کے لیے ملک بھر میں حلالہ سینٹرز بھی قائم ہو چکے ہیں،پروگرام کے دوران انہوں نے حلالہ سینٹرز کی جانب سے سوشل میڈیا پر دیئے گئے کچھ اشتہارات بھی پڑھ کر بتائے اور کہا کہ کس قدر حلالہ جیسے اہم کام کو بدنام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بعض حلالہ سینٹرز یہ دعویٰ بھی کرتے ہیں کہ وہ حلالہ کے دوران نکاح سے طلاق تک کے تمام معاملات خوش اسلوبی اور رازداری سے سر انجام دیتے ہیں اور حلالہ کی خواہش مند خواتین پراعتماد طریقے سے ان سے رابطہ کریں۔
نادیہ خان نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے صرف کراچی کے ہی حلالہ سینٹرز کے ایک درجن سے زائد آن لائن اشتہارات دیکھے ہیں جن میں حلالہ سینٹرز کا مکمل ایڈریس، فون نمبرز اور دوسری معلومات فراہم کی گئی تھیں۔
انہوں نے اس بات پرحیرانی کا اظہار کیا کہ اتنے رازداری والے اہم کام کو اس قدر کھلے عام کیا جا رہا ہے اور ایسے سینٹرز بنانے والوں کو کوئی ڈر ہی نہیں ہے،حلالہ سینٹرز قائم کرکے ان کی تشہیر کرکے ایسے لوگ کیسے دوسروں کی مدد کر رہے ہیں؟
اداکارہ کا بیان سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پرصارفین کا کہنا ہے کہ ایسے کاروبار معاشرتی اقدار کے زوال کا اشارہ دیتے ہیں،سوشل میڈیاصارفین ان مردوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں جو غصے میں طلاق دیتے ہیں اور بعد میں ایسی ممنوعہ آپشنز کا سہارا لیتے ہیں۔