امن چاہتے ہیں۔۔ افغانستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے: شیخ رشید
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ افغانستان میں طالبان کے کنٹرول کے بعد یہ خطہ انتہائی اہم بننے جا رہا ہے، ممکن ہے کہ ایک نیا بلاک تشکیل پا جائے، افغان مہاجرین کے حوالے سے بھارتی میڈیا پروپیگنڈا کر رہا ہے۔
طورخم بارڈر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ افغانستان سے 4 ہزار لوگ پاکستان آئے ہیں لیکن اس سے کہیں زیادہ لوگ افغانستان گئے ہیں، طور خم بارڈر پر حالات بالکل نارمل ہیں اور یہاں ایک بھی مہاجر کیمپ نہیں ،ہم نے افغانستان سے 10 ہزار لوگوں کا انخلا یقینی بنایا، دنیا کو ہمارے کردار کو سراہنا چاہیے، ہم افغانستان میں امن چاہتے ہیں کیونکہ افغانستان کا امن پاکستان کا امن ہے اور افغانستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے۔ طالبان نے اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی کروائی ہے اور ہم نے بھی انہیں کہا ہے کہ ہماری سرزمین افغانستان کے خلاف استعمال نہیں ہو گی، ہمارے ذمہ داروں نے طالبان سے کالعدم ٹی ٹی پی سے متعلق ضرور بات کی ہو گی۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا جنرل فیض حمید کابل گئے ہیں تو بھارت کو کیا تکلیف ہے، کیا امریکا، چین، ترکی اور دیگر ممالک کے لوگ وہاں نہیں گئے۔
دوسری جانب شیخ رشید احمد نے 24نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری نہ تو وزیر اعلی پنجاب بننے کی سوچ ہے اور نہ ہی خواہش ،میں بس وزارت کی ہی حد تک ہی کام کر سکتا ہوں،بزادر پاکستان میں سب سے زیادہ سمجھ دار سیاست دان ہے، وزیر ریلوے تھا تو ایم ایل ون کا ٹینڈر ہونا باقی رہ گیا تھا، پتا نہیں اب کیا مسئلہ ہے اس کے بارے میں وزیر ریلوے ہی بتا سکتا ہیں۔ غیر ملکیوں کے انخلاء کے لئے پاکستان کے بارڈر کھلے ہیں، طورخم بارڈر کے ذریعے 2196 افراد جبکہ 1670 افراد بذریعہ جہاز پاکستان آئے ہیں، 10ہزار مسافر ایسے ہیں جو پاکستان میں داخل نہیں ہوئے، وہ پاکستان کے ائیرپورٹ سے ہی اپنے اپنے ممالک چلے گئے۔