(ویب ڈیسک) پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار اور ہدایت کار عابد علی کو مداحوں سے بچھڑے 3 برس بیت گئے،اداکار عابد علی نے ریڈیو پاکستان سےاپنے فنی کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔
اپنی سحِر انگیز اداکاری سے مداحوں کے دلوں پر راج کرنے والے اداکار نے 1993 میں ڈرامہ سیریل دشت سے ہدایت کاری کا آغاز کیا,عابد علی مارچ 1952 میں کوئٹہ میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم بھی کوئٹہ سے حاصل کی بعدازاں 1973 میں پاکستان ٹیلی ویژن سے منسلک ہو کر جھوک سیال میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
ڈرامہ انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار کو امجد اسلام امجد کے قلم بند کئے گئے ڈرامہ وارث سے شہرت حاصل ہوئی، ان کے مقبول ڈراموں میں پیاس،دوریاں،مہندی،دیار دل اور دیگر شامل ہیں،انہوں نے 70 سے 90 کی دہائی تک پی ٹی وی کے کئی مقبول ڈراموں میں کام کیا، ان کی فنی خدمات کے پر انہیں1985ء میں پرائڈ آف پرفارمنس سمیت متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔
اداکار عابد علی نے دو شادیاں کی تھیں، پہلی بیوی کا نام حمیرا علی ہے ان سے ان کی تین بیٹیاں ایمان، راحمہ اور مریم علی ہیں جبکہ عابد علی نے اداکارہ رابعہ نورین سے 2006 میں دوسری شادی کی تھی،جگر کے سرطان میں مبتلا عابدعلی کو سانس کی تکلیف کے باعث 30 اگست کو کراچی کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے ۔