(ویب ڈیسک) ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ شہباز گل کے بیان کے بعد عمران خان کا بیان فوج میں تقسیم کی ایک اور سنگین سازش ہے، یہ شخص بیرونی ایجنڈے کے تحت پاک فوج کو تباہ کرنے کے مشن پر ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمداللہ نے عمران خان کے متنازع بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر عمران خان کا پسندیدہ آرمی چیف نہ لگایا گیا تو کیا وہ محب وطن نہیں ہوگا ؟ کیا یہ ہوسکتا ہے تھری سٹار یا فور سٹار آفیسر ہو اور محب وطن نہ ہو ؟ حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ بانٹنے کا ٹھیکہ عمران نیازی کوکس نے دیا ہے؟۔
حافظ حمداللہ کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کے چیف آف سٹاف اور چیف آف آرمی اسٹاف میں بہت فرق ہے، عمران خان کو اس فرق کا احساس نہیں ہے،عمران نیازی کان کھول کر سن لو آرمی چیف کی تعیناتی آئین کے مطابق وزیراعظم کا صوابدید ہے، فیصلے آپ کے منشاء کے مطابق نہیں آئین اور قانون کے مطابق ہونگے۔