پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف کیس: فریقین سے 13 ستمبر کو جواب طلب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف متفرق درخواست پر وزارت پیٹرولیم ، اوگرا سمیت دیگر فریقین سے 13 ستمبر کو جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار بھی طلب کرلیا۔
جسٹس شاہد کریم نے متفرق درخواست پر سماعت کی۔ وفاقی حکومت کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل اسدعلی باجوہ پیش ہوئے۔ وکیل درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ بین الاقوامی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم، پاکستان میں بڑھا دی گئیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کا کوئی میکانزم بھی موجود نہیں، 15 روز بعد مزید قیمتیں بڑھا دی جائیں گی، پیٹرولیم مصنوعات کے متعلق پہلے بھی درخواستیں دائر کیں۔
جسٹس شاہد کریم نے ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد علی باجوہ سے کہا آپ آئندہ ہفتے پیٹرول کی قیمتیں بڑھانے کے طریقے کار کے متعلق رپورٹ دیں۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ قیمتوں میں اضافے کیلئے ٹھوس وجوہات بھی بیان نہیں کی گئیں۔ قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی بڑھے گی اور عام شہریوں کیلئے زندگی گزارنا مشکل ہوجائیگا، عدالت سے استدعا ہے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو کالعدم قرار دیا جائے۔