(24نیوز) امریکی ڈالر ایک بار پھر اڑان بھر رہا ہے جس کی وجہ سے پاکستانی روپے کی قدر کم ہو رہی ہے،نئے ہفتے کے پہلے دن ڈالرچند پیسے مہنگا ہوا ،انٹر بینک میں ڈالر 2 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 219 روپے کا ہو گیا ہے۔
جمعہ کو انٹربینک میں ڈالر 38 پیسے مہنگا ہوکر 218.98 روپے پر بند ہوا جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 4 روپے مہنگا ہوکر 223 روپے پربند ہوا تھا۔کرنسی ڈیلرز نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام بحال ہونے سے روپیہ تگڑا اور ڈالر کمزور ہوگا تاہم ڈالر کی قدر میں اتارچڑھاؤ دیکھا گیا۔اگست میں درآمدات اور تجارتی خسارہ بڑھنے سے روپے پر دباؤ آیا۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف کی جانب سے جاری ہونے والی نئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان کو رواں سال ضرورت سے بھی 2 ارب 57 کروڑ ڈالر اضافی بیرونی قرض ملنے کا امکان ہے اور اس سال پاکستانی زرمبادلہ کے ذخائر 16 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تک پہنچ جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کو موجودہ مالی سال میں 30 ارب 75 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ درکار ہے اور اس وقت پاکستان کیلئے 33 ارب 33 کروڑ ڈالر بیرونی فنانسنگ دستیاب ہے،اس کے علاوہ سود کی ادائیگی پر 3 ہزار 8سو 71 ارب روپے خرچ ہونگے اور ترسیلات زر کا حجم 28 ارب 96 کروڑ ڈالر رہنے کا امکان ہے۔
اُدھر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار میں منفی رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے،پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 108 پوائنٹس کم ہونے کے بعد 42200 پر آ گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بادل پھر برسیں گے،محکمہ موسمیا ت نے خبر سنا دی