(24 نیوز) وفاقی وزیرِدفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے عمران خان اقتدار کی ہوس میں ملک کیلئے خطرہ بن چکے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِدفاع کا کہنا تھا کہ عمران خان نے فوج میں تقرریوں کو سیاسی موضوع بنا دیا ہے۔ ان کے لیے اقتدار میں ہونے پر سب کچھ ٹھیک اور باہر ہونے پر سب غلط ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ سیاستدانوں کو اپنی جنگ سیاسی میدان میں لڑنی چاہیے، پہلی دفعہ آرمی چیف کا تقرر متنازعہ بنانے کی کوشش کی گئی، اس سے بدترین ملک دشمنی نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی رہنماؤں کا تحفظ کرنا فوج کا کام نہیں قوم اور ملک کی سرحدوں کو تحفظ دینا فوج کا آئینی کام ہے۔ عمران خان یا کسی اور کو ایسی گفتگو نہیں کرنی چاہیے، عمران خان نے کہا یہ نیوٹرل نہیں ہوسکتے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان کا دفاع اور معیشت ہمیشہ بھارت کی ہٹ لسٹ پر رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جب سے عمران اقتدار کی راہداریوں سے باہر ہیں، انہوں نے ان دونوں شعبوں پر حملہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: آرمی چیف سے متعلق بیان،صدر نے عمران خان سے وضاحت مانگ لی