(ویب ڈیسک) عمران خان کا فیصل آباد جلسے میں پاک فوج کی سینئر قیادت سے متعلق ہتک آمیز بیان کے معاملے پر پاک فوج کا سخت ردعمل آگیا۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ پاک فوج قوم کی حفاظت کے لئے ہر روز جانیں قربان کر رہی ہے، پاکستان آرمی میں چیئرمین پی ٹی آئی کے بیان پر شدید غم و غصہ ہے، نازک وقت میں پاک فوج کی سینئر قیادت کو متنازعہ بنانے کی کوشش انتہائی افسوسناک ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میرٹ کے لحاظ سے پاک فوج کو بہترین ادارہ کہا جاتا ہے، پاک فوج میرٹ پر یقین رکھتی ہے۔دوسری جانب سابق جنرلز نے بھی اس حوالے سے عمران خان پر شدیدتنقید کی اس حوالے سے لیفٹیننٹ جنرل (ر )رضا خان نے کہا کہ اس طرح کے بیانات کی باالکل گنجائش نہیں ہے ایسے بیانات وہ لوگ دیتے ہیں جو سلیکشن کے پراسس سے بالکل ناواقف ہیں ۔اس طرح کے بیانات سے کسی اور کو نہیں بلکہ بیانات دینے والے کو نقصان پہنچے گا ۔
بریگیڈیئر (ر)حارث نواز نے کہا کہ مجھے عمران خان کے بیان پر حیرت ہے اس سے بھی زیادہ حیرت اس بات پر ہے کہ وہ شخص پاکستان کا وزیراعظم بھی رہاہے جو ایسے بیانات دے رہاہے ۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز فیصل آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے 4 مہینے میں ملک کا بیڑا غرق کردیا، یہ صرف کرپشن کیسز ختم کروانے آئے ہیں، الیکشن سے بھاگنے کا مقصد نومبر میں مرضی کا آرمی چیف لگانا ہے۔