پرویز الٰہی کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کا آرڈر معطل

Sep 05, 2023 | 10:54:AM

(24نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی تھری ایم پی او کے تحت نظربندی معطل  کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیدیا،عدالت نے پرویز الٰہی کو آئندہ سماعت پر عدالت کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔

تفصیلات کے مطابق عدالت نے ڈی سی اسلام آباد سمیت فریقین کو منگل کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک جواب طلب کر لیا،اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہدایت دی کہ پرویز الٰہی آئندہ سماعت تک کسی قسم کا کوئی بیان نہیں دیں گے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ وکیل درخواست گزار کے مطابق پرویز الٰہی کیخلاف اسلام آباد میں کوئی بھی ایف آئی آر درج نہیں ہے،چودھری پرویز الٰہی کی ایم پی او آرڈر کالعدم قرار دینے کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کی،وکیل پرویز الٰہی نے کہا کہ ساب وزیراعلیٰ تین ماہ سے جیل میں ہیں، وہ کیسے نقص امن کے حالات پیدا کر سکتے ہیں۔ عدالت کی ہدایت پر پرویز الٰہی کے وکیل نے تھری ایم پی او آرڈر پڑھا۔

یہ بھی پڑھیں: اہم سیاسی رہنما قتل،افسوسناک خبر آ گئی

سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے وکیل نے کہا کہ پرویز الٰہی نے چار ماہ سے کوئی بیان تک نہیں دیا اور اسلام آباد میں پرویز الٰہی کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں، اینٹی کرپشن کے کیس میں مقدمے سے ڈسچارج ہو چکا، نیب کے مقدمے میں بھی لاہور ہائیکورٹ گرفتاری غیر قانونی قرار دے چکی ہے، جیسے ہی لاہور ہائیکورٹ سے رہا کیا گیا تو لاہور پولیس کی حراست سے چھین لیا گیا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ اسلام آباد میں کوئی ہنگامہ آرائی کوئی جلسہ جلوس آپ نے کیا؟ وکیل نے بتایا کہ کوئی جلسہ جلوس کوئی ہنگامہ کبھی نہیں کیا۔ 

دوسری جانب پرویزالٰہی کی کرپشن کیس میں ضمانت منظوری کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی،لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کی درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھا،رجسٹرار آفس نے پنجاب کی درخواست میں پرویز الہی کا جسمانی ریمانڈ کا آرڈر نہ لگانے کااعتراض عائد کیا تھا۔

مزیدخبریں