(محمد امین گورایہ) نوشہرہ ورکاں کے نواحی گاؤں نتھوسیویا میں 13 سالہ گونگی بہری بچی سے مبینہ زیادتی کا واقعہ پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق 13 سالہ نور فاطمہ دکان پر چیز لینے گھر سے نکلی جہاں گاؤں کا ہی رہائشی لڑکا بچی کو ورغلا کر اپنے ساتھ لے گیا اور مبینہ زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ متاثرہ بچی کی چیخ و پکار کی آواز سن کر آس پاس کے لوگ پہنچے تو ملزم بچی کو برہنہ حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگیا جس کے بعد پولیس نے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی۔
اس حوالے سے متاثرہ بچی کی والدہ کا کہنا ہے کہ ملزم قتل اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں لہٰذا وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی انصاف کریں۔
یہ بھی پڑھیے: بنوں،نامعلوم افراد نے گولیاں مار کراے این پی کے ضلعی رہنما کو قتل کردیا
دوسری جانب صوبی سندھ کے ضلع قمبر کے گاؤں ستر پھلپوٹو میں اسی طرح کا واقعہ پیش آیا جہاں 10 سالہ معصوم بچی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ متاثرہ بچی کو بیہوشی کی حالت میں لاڑکانہ شیخ زید چلڈرن اسپتال منتقل کیا گیا۔
اس حوالے سے ایس ایس پی قمبر توحید الرحمن میمن نے واقعے کا نوٹس لیا اور پولیس کی جانب سے فوری کارروائی کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایس ایس پی قمبر توحید الرحمن میمن کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ معصوم بچی کو انصاف دلانے کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے اور ایسے کسی بھی جرم میں ملوث مجرموں کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔