ہانیہ عامر نے نازیبا ویڈیو وائرل کرنے والی بھارتی انفلوئنسر کو پکڑلیا

اے آئی بہت خطرناک، ویڈیوز میری نہیں اور اگر کسی کو لگ رہا ہے کہ یہ میری ہیں تو وہ غلط ہے

Sep 05, 2024 | 11:18:AM
 ہانیہ عامر نے نازیبا ویڈیو وائرل کرنے والی بھارتی انفلوئنسر کو پکڑلیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)اداکارہ ہانیہ عامر نے ڈیپ فیک ویڈیوز پھیلانے والی لڑکی کو  پکڑ کر اہم قدم اٹھاتے ہوئے مداحوں سے بھی مدد طلب کرلی۔

سوشل میڈیا پر ہانیہ عامر کی چند نازیبا ویڈیوز وائرل ہوئیں جن میں وہ مغربی طرز کے بولڈ ملبوسات پہنے نظر آئیں، مداحوں کو ویڈیو دیکھتے ہی ایک سیکنڈ کیلئے یہ دھوکا ہوا کہ ویڈیو میں نظر آنے والی لڑکی ہانیہ عامر ہے  پھر دوسرے ہی لمحے یہ بات عیاں ہوگئی کہ ویڈیو ڈیپ فیک ہے اور کسی لڑکی کے چہرے پر ہانیہ عامر کا چہرہ لگایا گیا ہے۔

 اس ویڈیو پر مبنی ایک نیوزویب سائٹ کی خبر کو ہانیہ عامر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر بطور اسٹوری شیئر کیا اور لکھا کہ یہ اے آئی بہت خطرناک ہے، کیا ان کی روک تھام کیلئے کوئی قانون نہیں ہے؟ یہ تمام ویڈیوز میری نہیں ہیں اور اگر کسی کو ایسا لگ رہا ہے کہ یہ ویڈیوز میری ہیں تو وہ غلط ہے۔

اس بیان کے بعد ہانیہ عامر نے اس لڑکی کو بھی ڈھونڈ نکالا جو اداکارہ کی اے آئی جنریٹڈ نازیبا ویڈیوز شیئر کر رہی تھی۔

ہانیہ عامر نے ایک انسٹاگرام اکاؤنٹ کا اسکرین شاٹ بطور اسٹوری شیئر کیا جو "انوریت سندھو" نامی لڑکی کا ہے اور اس کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر 22 عشاریہ 4 ہزار فالوورز دیکھے جاسکتے ہیں۔

اس اکاؤنٹ سے کُل 104 پوسٹس شیئر کی گئیں جن میں زیادہ تر ہانیہ عامر کی ڈیپ فیک ویڈیوز شامل تھیں،اس اکاؤنٹ سے 20 لوگوں کو فالو کیا جارہا ہے جن میں دلجیت سنگھ، کرن اوجلا سمیت دیگر پنجابی سنگرز شامل ہیں۔

اسکرین شاٹ کے ساتھ ہانیہ عامر نے لکھا کہ مجھے اس نے بلاک کردیا ہے لیکن کیا آپ سب لوگ اس اکاؤنٹ کو رپورٹ کر سکتے ہیں؟،ہانیہ عامر کی جانب  سے یہ اسٹوری شیئر کی جانے کی دیر تھی کہ چاہنے والوں کی بڑی تعداد نے اسے رپورٹ کرنا شروع کردیا۔

ہانیہ عامر کی اسٹوری شیئر کرنے کے بعد  ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسرعدنان ظفر عرف کین ڈول نے بھی ایک اسٹوری شیئر کی جس میں شامل اسکرین شاٹ اس بات کی نشاندہی کر رہا تھا کہ ہانیہ عامر کی نظر سے بچنے کیلئے انوریت سندھو نے اپنے اکاؤنٹ کا نام تبدیل کر کے "کور سندھو" کردیا تھا۔

متعدد بار رپورٹ کیے جانے کے بعد اکاؤنٹ سے محروم ہونے سے بچنے کے لیے صارف نے اس اکاؤنٹ کا نام ایک مرتبہ پھر تبدیل کیا، الفاظ کے ہیر پھیر کے بعد اب اکاؤنٹ کا نام "سندھو کور" ہے  تاہم  ہانیہ کی نشاندہی کے بعدیہ تمام ویڈیوز  اس اکاؤنٹ پر موجود نہیں ہیں،یہ  اکاؤنٹ ستمبر 2022 میں بنایا گیا اور گزشتہ دو سالوں میں اس کا نام 18 مرتبہ تبدیل کیا جاچکا ہے۔

خود کو ویڈیو کریٹر بتانے والے اس جعلی اکاؤنٹ کی تفصیلات اس بات کی تصدیق کر رہی ہیں کہ یہ اکاؤنٹ بھارت میں بنایا گیا ہے اور یوزر کی لوکیشن چندی گڑھ لکھی گئی ہے۔