(24نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سکول نیوٹریشن پروگرام کا باضابطہ افتتاح کردیا۔
ڈی جی خان میں سکول نیوٹریشن پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ لاہور سے ڈی جی خان جتنا بھی دور ہو میں آپ سے دور نہیں ، آپ سب بچوں کیلئے ایسے سوچتی ہوں جیسے ایک ماں سوچتی ہے، یہ بچے میرے لیے وی آئی پیز ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ میرا خیال تھا ڈی جی خان کے بچے مجھے نہیں جانتے لیکن یہ سب بچے مجھے پہلےسے جانتے ہیں،آج مجھے بچوں سے جو پیار ملا وہ بتانہیں سکتی، ڈیرہ غازی خان سے سکول نیوٹریشن پروگرام کا آغاز کیا جارہا ہے، ہم پانچویں کلاس تک کے بچوں کیلئے مفت دودھ کا پروگرام لائے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میرے پاس پنجاب میں ہزاروں سکول ہیں جن میں لاکھوں بچے پڑھتے ہیں، پاکستان امیر ملک نہیں ہے،وسائل تھوڑے ہیں، اچھا وقت آئے گا اور آرہا ہے، پوری کوشش ہوگی بچوں کی غذائی ضرورت پوری کرنے کیلئے جو کچھ کرسکتی ہوں وہ کروں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگ مختلف باتیں کرتے ہیں،جب عملی کام کرنے کی باری آتی ہے تو کچھ نظر نہیں آتا، چاہتی ہوں عملاً آپ کیلئے کچھ کرکے دکھاؤں تاکہ آپ کو لگے آپکی وزیراعلیٰ ماں کی طرح ہے، ہم ڈیرہ غازی خان اور مظفر گڑھ سے اس پروگرام کولانچ کرنے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہاں وزارت تعلیم کی پوری ٹیم بیٹھی ہے، میری تعلیم کی ٹیم آپ کیلئے دن رات کام کررہی ہے، قوم اور عوام کا پیسہ آپکا پیسہ ہے، قوم کے پیسے میں ایک روپے کی خیانت بھی ہوئی تو اللہ معاف نہیں کرے گا، چاہتی ہوں آپ کا پیسہ بغیر کسی غلط کام کے آپ تک پہنچے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات دل سے ان بچوں کیلئے کام کررہے ہیں، ہم ٹیچر ٹریننگ، سکولوں کی آؤٹ سورسنگ اور سپورٹس پر کام کررہے ہیں، کوشش ہے سرکاری سکولوں کے بچے پرائیویٹ سکولوں کے بچوں سے پیچھے نہ رہیں، کوشش ہے سکولوں میں تعلیم،عمارت،ماحول اور بہترین اساتذہ تعلیم دے سکیں، چاہتی ہوں کوئی پیسہ خرچ کیے بغیر سکولوں میں تمام سہولیات ملیں۔
مریم نواز نے کہا کہ بچوں کو بغیر کسی خُورد بُرد اور قیمت کے دودھ ملنا وزیر تعلیم کی ذمہ داری ہے، اس پروگرام کو تسلسل کے ساتھ آئندہ پانچ سال چلانا صوبائی وزیرتعلیم کی ذمہ داری ہے، پورے پاکستان میں ایسا پروگرام شروع ہونا چاہیے، باقی صوبوں کے بچے بھی میرے بچے ہیں، باقی صوبو ں کے وزرائے اعلیٰ کو بھی ایسا پروگرام شروع کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب وہ واحد صوبہ ہے جس میں نوازشریف کے ویژن سے مہنگائی میں کمی لائے ہیں، پنجاب میں آٹے،روٹی اور سبزیوں کی قیمتیں کم ہوئی ہیں، ہم روز مہنگائی کو کم کرنے کیلئے سرتوڑ کوششیں کررہے ہیں، پہلی بار مہنگائی 35فیصد سے کم ہوکر سنگل ڈیجٹ پر آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے نوازشریف کے دور میں مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں تھی، یہ بھی نوازشریف کی ہی حکومت ہے، 7سال بعد مہنگائی آج دوبارہ سنگل ڈیجٹ پر آئی ہے، بچوں کو بتانا چاہتی ہوں آپ سے دل سے پیار کرتی ہوں، کوشش ہے آپکی زندگیوں میں بہتری آئے اور آپ ملک کا روشن مستقبل ہو۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا بچوں کو تلقین کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ اپنے وطن سے پیار کرنا ہے وطن کے خلاف کوئی کام نہیں کرنا، دنیا چاہے جو کررہی ہے اس کو کرنے دیں آپ نے وطن کی محبت اور سلامتی کیلئے کام کرنا ہے، آپ کا ہرقدم وطن کی سلامتی کیلئے اٹھنا چاہیے۔