ترکیہ کی پاکستان کو انسداد دہشتگردی بارے ہر ممکن تعاون کی پیشکش
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)ترکیہ نے پاکستان کو انسداد دہشت گردی کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کر دی۔
ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی نے وزارت داخلہ کا دورہ کیا اور وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی سے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان ترکیہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران انسداد دہشت گردی، پولیس اور سول آرمڈ فورسز کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا جبکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان پروازوں کی تعداد بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر ترکیہ کے سفیر نے بلوچستان میں دہشتگردوں کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
ترکیہ کے سفیر کا کہنا تھا کہ کچھ عرصہ قبل ترکیہ کو بھی دہشت گردی کا سامنا تھا، ترکیہ نے دہشتگردی پر قابو پایا اور اب حالات بہتر ہیں، انہوں نے انسداد دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کو ہر ممکن تعاون کی پیشکش بھی کی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے بحیثیت قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں، پاک فوج، پولیس، رینجرز، ایف سی سمیت ہر طبقے نے خون دے کر اس جنگ میں تاریخ رقم کی ہے، انسداد دہشت گردی کے حوالے سے ترکیہ کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ حکومت کی دعوت پر اکتوبر میں ترکیہ کا دورہ کروں گا، دورے میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اقدامات تجویز کریں گے، پاکستان اور ترکیہ کے مابین مثالی برادرانہ تعلقات کو مضبوط سے مضبوط تر بنانا چاہتے ہیں، پاکستانی ترکیہ کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ میں ڈاکٹر مہمت پاچاجی کی خدمات کو سراہا۔
محسن نقوی نے ڈاکٹر مہمت پاچاجی کو اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے حوالے سے او آئی سی میں بطور خصوصی ایلچی تعیناتی پر مبارکباد پیش کی اور ترکیہ کے سفیر کی نئی تعیناتی اور مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔