بھاری ٹیکسز نے تعمیراتی شعبے کا بھی بھرکس نکال دیا

Sep 05, 2024 | 18:43:PM

(اشرف خان)بھاری بھرکم ٹیکس اور بڑھتی مہنگائی سے تعمیراتی شعبے کو شدید دھچکا لگا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے گزشتہ اور امسال کے 2 ماہ کا تقابلی جائزے پر مشتمل اعدادو شمار جاری کیے ہیں ،  جس میں واضح طور پر نظر آتا ہے کہ سیمنٹ کی مقامی فروخت اور ایکسپورٹ میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ،اگست 2024 میں سیمنٹ کی مجموعی  فروخت میں 25.68فیصد کمی دیکھی گئی ہے ،اگست 24 میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 33.66 لاکھ ٹن رہی جبکہ اگست 2023 میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 45.28 لاکھ ٹن تھی ، اگست 2024میں  سیمنٹ کی مقامی فروخت 27.52 لاکھ ٹن رہی یعنی گزشتہ برس کی نسبت امسال 19 لاکھ ٹن کی کمی دیکھنے میں آئی ہے جو کہ  اگست 2023 کی 37.98 لاکھ ٹن سیمنٹ کی فروخت سے 27.54 فیصد کم رہی۔
 اگست 2024میں سیمنٹ کی ایکسپورٹ 6لاکھ 13ہزار 857 ٹن رہی،جو اگست 2023کی 7لاکھ 30ہزار 755ٹن ایکسپورٹ سے 16فیصد کم رہی،رواں مالی سال پہلے 2 ماہ میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 63.75 لاکھ ٹن رہی ،گزشتہ مالی سال اسی مدت میں مجموعی فروخت 77.58 لاکھ ٹن تھی ،جس سے 17.82فیصد کم ہے ،رواں مالی سال دو ماہ کی سیمنٹ  ایکسپورٹ 11.61 لاکھ ٹن رہی
جو گزشتہ مالی سال اسی مدت  ایکسپورٹ 11.81 لاکھ ٹن سے 1.65 فیصد کم ہے ،گزشتہ 12ماہ سے سیمنٹ کی مقامی مارکیٹ میں مسلسل منفی رجحان دیکھا جارہا ہے۔

مزیدخبریں